’نالائقِ اعظم کمال ڈھٹائی سے نواز شریف کی کامیابیاں اپنے کھاتے میں ڈالنا چاہتا ہے‘ مریم نواز عمران خان پر برس پڑیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزارت توانائی کی جانب سے کی جانے والی ریکوریز کا کریڈٹ لینے پر وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وزارت توانائی نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران 81 ارب روپے جمع کیے ہیں جبکہ اگلے برس مزید 120 ارب روپے ریکور کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے پانچ سالوں میں درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرکے اسے 41 سے 30 فیصد پر لایا جائے گا۔
مریم نواز نے وزیر اعظم کے ٹویٹ پر انتہائی سخت رد عمل دیا اور کہا ’نالائقِ اعظم سے خود تو سوائے تباہی اور بربادی کے کچھ ہوا نہیں، کمال ڈھٹائی سے نواز شریف کے کام اور کامیابیاں بھی اپنے کھاتے ڈالنا چاہتا ہے‘۔ مریم نواز نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ’ بے شرمی کی انتہا ہے‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔