عوام عید الفطر انتہائی سادگی کے ساتھ منائیں،مشتاق چوہدری

عوام عید الفطر انتہائی سادگی کے ساتھ منائیں،مشتاق چوہدری

  

لاہور(پ ر) پاکستان انقلابی پارٹی کا آن لائن اجلاس، مرکزی آرگنائزر مشتاق چوہدری، آرگنائزنگ سیکرٹری صابر علی حیدر، مصباح رشید، عادل محمود، مجاہد طوری، ایڈووکیٹ اعظم زرغون، پروفیسر طفیل ڈھانا، ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر رمضان اور فہیم عامر نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال کا تجزیہ کیا اور خصوصی طور پر کرونا وبا کی سے وجہ سے پیدا شدہ حالات کا جائزہ لیا۔ رہنماؤں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ عید الفطر انتہائی سادگی سے منائی جائے اور سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔ رہنماؤں نے ملکی اقتصادی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ درمیانے اور نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد اقتصادی طور پر پس کر رہ گئے ہیں۔اس ضمن میں حکومت کے اعلان کردہ تمام اقتصادی پیکج محض ایک ڈھکوسلا ہیں جو یا تو رو بہ عمل ہی نہیں لائے گئے یا ان کی شرائط ایسی ہیں کہ چھوٹے کاروبار اور درمیانہ سے چھوٹے کاروبار اور صنعتی یونٹ ان سے مستفید نہیں ہو سکتے۔ رہنماؤں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں نے ان کے نام نہاد انقلابی کردار کا پردہ چاک کر دیا ہے۔

اور عوام جان چکے ہیں کہ تحریک انصاف بھی سٹیٹس کو سے تعلق رکھنے والی دیگر پارٹیوں کی طرح عوام دشمن پارٹی ہے۔ رہنماوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف اپنے کرپشن کے خلاف نعروں میں ایک فیصد بھی سچی ہے تو فوری طور پر کرپشن کے مجرموں کو سزائے موت دینے کے قانون کو اسمبلیوں سے پاس کروائے۔ رہنماوں نے کہا کہ پاکستان انقلابی پارٹی سمجھتی ہے کہ آنے والا بجٹ موجودہ صورتحال کی وجہ سے ملکی تاریخ کا اہم ترین بجٹ ہو گا۔ ہم اس بجٹ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری طورپر پر درمیانی اور نچلے کے لئے قابل عمل پیکج کا اعلان کیا جائے۔ اور آئندہ بجٹ میں بھی متوسط اور نچلے طبقات کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور قومی صنعت پر ایک سال کے لئے تمام ٹیکس ختم کئے جائیں۔ ٹیکسوں کے اہداف حاصل کرنے کیلئے بین الاقوامی کمپنیوں پر موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے اور نئے ٹیکس بھی عائد کئے جائیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -