فوجی جوانوں کی شہادت نے قوم کا مورال بلند کیا،جمیل گوندل

فوجی جوانوں کی شہادت نے قوم کا مورال بلند کیا،جمیل گوندل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ نیویارک کے صدر محمدجمیل گوندل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مقام مچھ میں سات فوجی جوانوں کی شہادت نے پاک فوج اورپاکستانیوں کامورال مزید بلندکردیا۔پاک فوج کے جانباز ہرقیمت پرمادروطن میں امن وامان برقراررکھیں گے۔پاکستان میں قربانیاں پیش اورجام شہادت نوش کرنا پاک فوج کاطرہّ امتیاز ہے۔پی آئی اے کے بدقسمت طیارے میں سوار فوجی آفیسرزسمیت مسافروں کی شہادت نے پاکستانیوں کو سوگوارکردیا،ہم نے امسال عیدسادگی کے ساتھ منانے کافیصلہ کیا ہے۔ ہمارے فوجی حکام اورجوانوں کی شہادت درحقیقت پاکستانیت اورامن کی جیت جبکہ دہشت گردوں کی بدترین شکست ہے۔شدت پسندوں نے ایک بارپھر بزدلی کامظاہرہ کیا۔

جہاں شہیدوں کے خون سے چراغ روشن ہوتے ہوں اس ملک کامستقبل تاریک نہیں ہوسکتا۔ عوام اس بات کا عہدکریں فوجی جوانوں کی شہادت نے ہمیں جودرس دیا ہے اسے فراموش نہیں کریں گے۔وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں شہداء پاک فوج اورشہداء کراچی کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا جبکہ بلوچستان میں شدت پسندوں کے مجرمانہ حملوں کی شدیدمذمت کی گئی۔ محمدجمیل گوندل نے مزید کہا کہ شدت پسندغلط ہیں وہ زراورزورسے امن پسنداوراعتدال پسندپاکستانیوں کو گمراہ اورخوفزدہ نہیں بناسکتے۔پاکستان کے لوگ شدت پسندی سے شدیدنفرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن کیلئے جام شہادت نوش کرنیوالے ہیروزکی قیامت تک پذیرائی ہوتی رہے گی۔ پاک فوج کے شہداء کی قربانیاں امن کے حامیوں کیلئے قابل تقلیداورسرمایہ افتخار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مچھ کے مقام پرسات فوجی جوانوں کی استقامت، شجاعت اور شہادت نے پاکستان کی سکیورٹی فورسز میں نیا جذبہ بیدارکردیا۔