زائرین مزارات میں سماجی فاصلہ اختیار کریں،سید سعید الحسن شاہ

زائرین مزارات میں سماجی فاصلہ اختیار کریں،سید سعید الحسن شاہ

  

لاہور (سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ بزرگان دین کے مزارات کھول دئیے گئے،زائرین سماجی فاصلہ اختیار کریں۔ اجتماعی بصیرت کے ساتھ کورونا کے چیلنج میں سرخرو ہوں گے۔عو ام خود بھی کورونا سے بچیں اور ا پنے پیاروں کو بھی بچائیں۔پابندیوں او ربندشوں میں نرمی کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے۔عید کی خریداری کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے۔کورونا ختم نہیں ہوا، احتیاط اور بچاؤ کی تدابیر ناگزیر ہیں -انہوں نے کہاکہ کورونا کے ساتھ ساتھ غربت اور بیروزگاری کے چیلنج کا بھی سامنا کررہے ہیں۔لوگوں کو فاقہ کشی سے بچانے کیلئے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ معمولات زندگی بحال ہوں۔حکومت نے روز گار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مواصلاتی منصوبوں پر تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور ایسے ترقیاتی منصوبے لا ئے جا رہے ہیں جن سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کوروزگار ملے سکے گا۔

مزدور کا چولہا جلانے کے لئے انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔مشکل اقتصادی حالات کے باوجود مزدور طبقے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے مربوط اور منظم کوششیں جاری ہیں۔حکومت پنجاب،مقامی انتظامیہ، محکمہ زراعت اور آرمی کے تعاون سے ٹڈی دل کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے سپرے کے علاوہ دیگر موثر طریقہ کار اپنایا جارہاہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹڈی دل کاحملہ نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔اسی لئے ہر ضلع کی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ ٹڈی دل کے حملے کو ابتدا ء ہی میں پسپا کیاجاسکے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -