قومی کھلاڑیوں کا طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان وسیم اکرم، شعیب ملک، شاہد آفریدی اور دیگر کھلاڑیوں نے طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کااظہار کیا ہے۔کراچی میں ملیر کی ماڈل کالونی میں طیارہ گرنے کے واقعے پر وسیم اکرم نے ٹویٹر پیغام میں اسے قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایسا واقعہ دیکھوں گا، میراخاندان اور میں طیارہ میں سوار افراد اور ان گھروں کے رہائشیوں کے زندہ بچ جانے کی دعا کرتے ہیں،جن پر طیارہ گراہے۔۔شعیب ملک کاکہناتھا قوم ایک انتہائی برے وقت میں ایک اور المناک صورتحال کا سامنا کررہی ہے۔ لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعاکرتے ہیں۔ان کی اہلیہ اور ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا۔ جاں بحق افراد کے پسماندگان کا اللہ ہمت عطافرمائے۔سپیڈاسٹار شعیب اختر نے کہا کہ حادثے کاسن کر انتہائی دکھ ہوا، اللہ مرحومین کا اپنے جواررحمت میں جگہ دے۔سابق کپتان محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کااظہارکیا۔علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کراچی میں طیارہ حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جن گھروں میں کل تک آنے والے مہمانوں کا اہتمام ہو رہا تھا، اب وہاں جانے والوں کی تدفین کا انتظام ہو رہا ہے، انسان کی حقیقت بس اتنی سی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کراچی میں طیارہ حادثے کے مقام کا دورہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ یہاں لوگوں کا غم بانٹنے آئے تھے، میرے پاس بالکل الفاظ نہیں، دیکھنے آیا تھا کہ میں اور میری فاؤنڈیشن یہاں کے لوگوں کے لئے کیا کر سکتی ہے، دعا ہے تعالیٰ دنیا سے جانے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے۔رات گئے شاہد آفریدی نے تصویر شیئر کی ہے جس میں جائے حادثہ پر سیکورٹی اہلکار اور ریسکیو ورکرز موجود تھے۔