اپوزیشن موجودہ حالات میں عوام کو گمراہ نہ کرے، عبدالعلیم خان

اپوزیشن موجودہ حالات میں عوام کو گمراہ نہ کرے، عبدالعلیم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات کا ہم سب کو مل جل کر مقابلہ کرناہے،پاکستان سب کا ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نیک نیتی کے ساتھ ملک کو آگے بڑھا رہے ہیں اور لمبے عرصے سے جمع ہونے والی مشکلات کو دن بدن کم کیا جا رہا ہے۔ این جی او کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ سب کے علم میں ہے کہ حکومت کے پاس وسائل کم جبکہ ملک میں مسائل کہیں زیادہ ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان نے درست ترجیحات کا تعین کر رکھا ہے اور وہ ملک کو مضبوط بنیادوں پر دیر پا حل کے ساتھ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے اُن کی ٹیم درست ٹریک پر گامزن ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ اقتدار کی نہیں ملکی بہتری کی سیاست کا وقت ہے لہذا ان حالات میں اپوزیشن کو تحمل اور مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور عوام کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے "مس گائیڈ"کرنے سے باز رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان مشکل ترین حالات میں بھی ملک کی معاشی حالت دن بدن مضبوط ہو رہی ہے اور عالمی اداروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے یقین ظاہر کیا کہ انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان عوام سے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کریں گے اور آنے والے دنوں میں ملک صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات دنیا بھر کے حالات کساد بازاری، بے روزگاری اور معیشت کی تباہی کی طرف جا رہے ہیں جس میں ہم سب کو یکجان ہو کر وطن عزیز کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہوگا اور ہر پاکستانی کو اس کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
عبدالعلیم خان