مزارات،کاروبار،ٹرانسپورٹ کھول دی،عوام کورونا ایس او پیز پر عمل کریں:عثمان بزدار

مزارات،کاروبار،ٹرانسپورٹ کھول دی،عوام کورونا ایس او پیز پر عمل کریں:عثمان ...

  

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونا وباء کے باعث دنیا بدل گئی ہے لہٰذا ہمیں بھی اپنے طرز زندگی کو بدلتی دنیا کے ساتھ بدلنا ہوگا۔عید پر بے پناہ احتیاط کی ضرورت ہے اور شہری ذمہ داری نبھاتے ہوئے ایس او پیز پر عمل کریں۔ عقیدت مندوں کی خواہش کااحترام کرتے ہوئے پنجاب میں مزارات کھول دئیے گئے ہیں اور محکمہ اوقاف کو درباروں اور مزارات پرایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ زائرین درباروں پر حاضری کے وقت نظم و ضبط اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔گزشتہ روزوزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء راجہ بشارت،میاں محمود الرشیداور ملک محمد انور نے ملاقات کی اورکورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کوروناسے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد ضروری ہے۔انسانی جان کا تحفظ ہر اقدام سے مقدم ہے،کورونا سے ایک شخص متاثر ہو تو خاندان تک اثرات جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے بھی ملاقات کی جس میں کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جاری کردہ ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کاحامل ہے۔ حکومت اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، شہریوں کو بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ کورونا کاخاتمہ کب ہوگا؟کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتا۔ کورونا کے خلاف جنگ صبر وتحمل اور دور اندیشی سے لڑ رہے ہیں اور زندہ قومیں آزمائش میں ہی بہتر راستے نکالتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ او رٹرین چلنے سے معاشی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں لیکن احتیاط بہت ضروری ہے۔ دریں اثناء سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کراچی طیارہ حادثہ ایک قومی سانحہ ہے اور اس سانحہ پرہر دل غمگین اور آنکھ اشکبار ہے۔قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -