شہری عید ڈاکٹروں، نرسوں، ہیروز اور اپنے شہداء کے نام کریں، بلاول زرداری

  شہری عید ڈاکٹروں، نرسوں، ہیروز اور اپنے شہداء کے نام کریں، بلاول زرداری

  

لاڑکانہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام سادگی سے عید منائیں، نمازِ عید کی ادائیگی حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز ادا کریں۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک ایسے وقت میں عید منارہے ہیں جب کورونا کی خطرناک وباء پھیلی ہوئی ہے۔ پاکستان کے مسلمان کورونا کی وباء کا سامنا کرنے کے ساتھ طیارہ حادثے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس صورت حال میں سادگی سے عید منائیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ اس عید کو اپنے شہداء کے نام کریں۔ اس عید کو طبی عملے کے نام کریں جو آپ کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے اپنی اور اپنے خاندان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہوسکے عید اپنے گھر پر منائیں۔سعودی عرب، ایران، متحدہ عرب امارات اور ترکی نے اپنے شہریوں کو عید کا دن اپنے گھروں پر منانے کا پابند کیا ہے۔ اگر آپ اپنا تحفظ چاہتے ہیں تو اپیل کرتا ہوں کہ نماز عید بھی گھر پر ادا کریں، عید ملن بھی فون، واٹس ایپ کے ذریعے کریں، اپنا تحفظ کرکے نہ صرف ہم خود کی جان بچاسکتے ہیں بلکہ ایسا کرنے سے ہمارے نظامِ صحت پر اتنا ہی بوجھ آئے گا کہ جتنا وہ اٹھاسکے۔انہوں نے کہا کہ احتیاط کرکے ہم دوسروں کی زندگیوں کا بھی تحفظ کرسکتے ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ یہ عید اپنے ڈاکٹروں، نرسوں، ہیروز اور اپنے شہداء کے نام کریں۔

بلاول زرداری

مزید :

صفحہ اول -