چاند کی رویت پر فواد چوہدری کا دعویٰ درست،پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں عید الفطر آج

چاند کی رویت پر فواد چوہدری کا دعویٰ درست،پاکستان سمیت پورے عالم اسلام میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں آج عیدالفطر منائی جائے گی شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ہوا جس کے بعد پریس کانفرنس میں مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ہیں جہاں سے شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجی گئیں۔مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پسنی سے چاند دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں،بیشتر مقامات پر مطلع صاف تھا،کافی شہادتیں موصول ہوئیں، شہادتوں کی تصدیق میں کافی وقت لگا اور تمام پہلوؤں پر غور کیا گیا۔مفتی منیب نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں قوم کو خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں، پوری دنیا کو تاریخ کی بڑی وبا نے گھیرا ہے اللہ پورے عالم کو اس وبا سے نجات عطا فرمائے، ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دیں لیکن احتیاط کریں، بہتر ہے کہ ایک دوسرے کو عید کی زبانی مبارک باد دیں۔اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عید کب ہوگی چاند کب نکلے گا یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ اب نہیں رہا، پاکستان کو اگر آگے لیکر جانا ہے تو بنیاد علم اور دلیل پر رکھنا ہوگی، مفتی منیب الرحمان نے آج جو اعلان کیا ہے خوش آئند ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دلیل میں بالکل نہیں مانوں گا کہ چاند دیکھنے کا تعلق مذہب سے ہے، یہ دلیل نہیں مانوں گا کہ عینک سے چاند نظر آئے تو ٹھیک اور جدید ٹیکنالوجی سے نظر آئے تو نہیں، مفتی منیب الرحمان ہمارے بزرگ ہیں ان کا احترام کرتے رہیں گے، چاند دیکھنا مذہبی معاملہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج ایک عید ہونے کا کریڈٹ بھی وزیراعظم کو جاتا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ملائیشیا اور قطر میں بھی جمعہ کے روز روز شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا اور ان ممالک میں عید الفطر آج اتوار 24 مئی کو منائی جا رہی ہے لبتہ بنگلادیش نے 25 مئی کو عیدالفطر کا اعلان کیاہے اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہاتھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق آج اتوار کو پاکستان میں عید الفطر ہوگی، چاند کی پیدائش ہوچکی۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا مشکلات پر قابو پانا ہی زندگی ہے، انشااللہ مشکل وقت سے نکلیں گے، مذہبی تہواروں کو یکجہتی کی وجہ بننا چاہیئے، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہمیشہ سے تنازع کا شکار رہا، ریاست فرقہ واریت سے بالاتر ہوتی ہے، دنیا میں چاند دیکھنا اب کوئی مسئلہ نہیں رہا، آئندہ چند سالوں میں لوگ عید چاند پر بھی کرسکیں گے، سائنس کی ترقی سے چاند دیکھنے کا عمل آسان ہوگیا۔فواد چودھری کا کہنا تھا اسلام ہمیں علم حاصل کرنے کی جستجو کی تعلیم دیتا ہے، چاند کو زمین کے گرد چکر مکمل کرنے میں 29 دن سے کچھ زیادہ لگتا ہے، سورج کی روشنی میں چاند نظر نہیں آتا، سورج غروب ہونے اور چاند نکلنے میں 38 منٹ کا فرق ہونا چاہیے، چاند کی اونچائی 6.5 ڈگری ہونی چاہیے، چاند نظر آنے کا کم سے کم زاویہ 9 ڈگری کا ہونا چاہیے، 22 مئی کی رات 10 بجکر 39 منٹ پر شوال کے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند 7 بجکر 36 منٹ سے 8 بجکر 14 منٹ تک دیکھا جاسکتا ہے، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ، جیوانی، پسنی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی، پشاور میں ہفتے کوبھی چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ہم نے تجاویز وزیراعظم آفس کو بھجوا دی ہیں، جو وزیراعظم فیصلہ کریں گے ہم فالو کریں گے، ہفتے کی شام غروب آفتاب کے بعد دوربین سے چاند واضح نظر آجائے گا۔جبکہ وفاقی وزرا چاند کے معاملے پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی حمایت میں آگئے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاباش فوادچوہدری! اتوارملک کے بیشترعلاقوں میں عید ہوگی، ایسے تمام مسائل دورکرنے کیلئے ٹیکنالوجی استعمال کرنی چاہئے۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر فوادچوہدری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چاندپر سائنسی انداز اپنانا قابل تعریف ہے،شاباش فواد!وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چاندسے متعلق وزارت سائنس وٹیکنالوجی کی حمایت کرتاہوں، رویت ہلال کمیٹی سے بھی درخواست ہے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں، رویت ہلال کمیٹی کے جید علما سے درخواست ہے مل کرچلیں۔ شہباز گل نے کہا کہ فوادچوہدری کی پریس کانفرنس سائنس اور تحقیق کی حوصلہ افزائی ہے، فوادچوہدری کی پریس کانفرنس صرف چانداورعیدتک محدودنہیں، معاشریمیں رجعت پسندی اوردقیانوسی نظریات پرضرب لگے گی امید ہے اس ارتعاش سیپاکستان میں مثبت تبدیلیاں ہوں گی جس کے جواب میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، شہادت کیلئے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے، فواد چودھری دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں۔وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عوام اور حکومت عید منائیں گے، شریعت چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، عید کا فیصلہ علمائے کرام ہی کریں گے۔یر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ دین اورشریعت چاندکی رویت،شہادت پراعتمادکرتی ہے، شہادت،رویت کیلئے سائنس،جدیدآلات کی معاونت لی جا سکتی ہے، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندہ کوکمیٹی میں شامل کیاہے۔ جبکہ مرکزی علماء کونسل پاکستان نے عید کے بارے میں فواد چوہدری کے اعلان کو مسترد کردیا۔فواد چوہدری پاکستان میں قوم کو تقسیم کررہے ہیں۔عید کے چاند کااعلان چیئرمین رویت حلال کمیٹی کا معتبر ہوگا۔مرکزی علماء کونسل پاکستان کا ہر عالم محب وطن پاکستانی ہے۔فواد چوہدری کے علماء کرام کے بارے میں خیالات اور جذبات ہمیشہ متعصبانہ رہے ہیں۔وفاقی وزیر سائنس اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں۔وزیر اعظم پاکستان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل۔فواد چوہدری کو وزارت سے فوری طور پر ہٹایا جائے۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستا ن صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہاکہ رمحرم،رمضان،عید کے چاند کا فیصلہ رویت حلال کمیٹی پاکستان کرتی ہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آج وقت سے پہلے عید کا اعلان کیا ہے جبکہ یہ کام رویت حلال کمیٹی کا ہے اور جس میں چاروں مکاتب فکر کے علماء کرام بھی موجود ہیں چاند کا اعلان وزارت سائنس نہیں کر سکتی ہم وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کے اعلان کا نوٹس لیں علماء کرام کے خلاف ان کے بیانات قابل نفرت ہیں پاکستان کے تمام علماء کرام محب وطن ہیں اور علماء کی پاکستان کے لیئے قربانیاں قابل فخر ہیں آئے روز علماء پر تنقید کرنا مناسب نہیں ہے علماء کرام کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے عید کے چاند کا مسئلہ انتہائی اہم اور حساس ہے لہذا یہ کام مرکزی رویت حلال کمیٹی کو ہی کرنا چاہیئے۔لہذا عید کا چاند دیکھ کر ہی عید الفطر کا اعلان کیا جاتا ہے پوری قوم شریعت کے مطابق چلے فواد چوہدری کے اعلان کے مطابق عید منانے والوں کی عید کی نماز نہیں ہوگی۔فاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بیان پر جمعیت علما اسلام نے رد عمل میں ان کی پریس کانفرنس مسترد کردی، جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد سومرو نے کہا کہوفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کے کل عید کرنے کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہین حکومتی سطح پر ایک کامیٹی موجود ہے جس مین تمام مسلک کے علما کرام موجود ہین جو اتفاق را سے فیصلہ کرتے ہین ریت ہلال کامیٹی حکومت کی قائم کردہ ہے جس سے باقی ٹیکنیکل محکمے بھی تعاون کرتے ہین یہ بیان بہی ایسا ہے جیسے اس نے دو ماہ قبل عالمی لیول کے وینٹیلیٹر بناکر دنیا کو بیچنے کا کہا تھافواد کا یہ بیان بھی اسی طرح جس طرح اس نے چاند پر بندے بھیجنے کی بات کی تھی انہوں نے کہاکہ قوم فواد چودہری کے اس فیصلہ کو حکومتی مداخلت سمجہتی ہے اس سے سوا انتشار کے اور کوئی حاصل نہیں ہوگا ریت ہلال کی کمیٹی جو فیصلہ کرے گی وہی حتمی فیصلہ ہوگا۔
عید الفطر

مزید :

صفحہ اول -