حافظ نعیم الرحمٰن کی میجر شہریار و اہلخانہ،ندا،وقاص طارق کی نماز جنازہ میں شرکت

حافظ نعیم الرحمٰن کی میجر شہریار و اہلخانہ،ندا،وقاص طارق کی نماز جنازہ میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ ائر بس میں شہید ہونے والے میجر شہریار و اہلخانہ،وقاص طارق اور ندا وقاص کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکریٹری عبدالرحمن،امیر ضلع وسطیٰ منعم ظفر خان، اہل محلہ عزیزواقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مرحومین کے اہل خانہ و لواحقین سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ائیر پورٹ کے قریب اونچی عمارتیں غیر قانونی ہیں، اس کی ذمہ داری سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر عائد ہوتی ہے، انہوں نے سانحے کی شفاف تحقیقات پر زور دیا اور کہا کہ واقعے کی جلد از جلد رپورٹ تیار کی جائے، گزشتہ واقعات کی طرح اس کی تحقیقاتی رپورٹ بھی محض فائلوں کی نظر نہ کی جائے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں نیچے سے اْوپر تک رشوت اور کرپشن کا نیٹ ورک سر گرم ِ عمل ہے اور جہاں دو منزلہ عمارت کی تعمیر کی اجازت ہوتی ہے وہاں کئی کئی منزلہ عمارتیں تعمیر ہو جاتی ہیں، انسانی جانوں کی کوئی تلافی نہیں ہے، ایسے حساس علاقے میں 3سے 4منزلہ بلڈنگ تعمیر کرنے کی اجازت کیوں دی گئی؟گزشتہ دنوں بھی گلبہار رضویہ سوسائٹی میں رہائشی عمارتیں گرنے کا واقع پیش آیا تھا، وہاں بھی لاشیں نکالنے میں ایک ہفتہ لگ گیا تھا، آخر اس طرح کے خونی واقعات کب تک رونما ہوتے رہیں گے، ان واقعات کے ذمہ داران کب تک آزاد گھومتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار و کارکنان فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے اور دوسری ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ ریسیکو کے فرائض انجام دیتے رہے۔جائے حادثہ پر الخدمت کے رضاکاروں نے سول سوسائٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متاثرہ خاندانوں میں سحری اور افطار کا انتظام بھی کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ طیارہ حادثہ قومی المیہ ہے،اس واقعے کی فوری تحقیقات ہونی چاہیئے۔اس سے قبل بھی کئی حادثات ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک ان کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی جس کے باعث اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، حکومت صرف اپنے اداروں کو فروخت کرنا جانتی ہے، اداروں کو فروخت کرنا مسئلے کا حل نہیں،حکومت کا کام ادارے چلانا ہے اس لیے طیارہ حادثے کی تحقیقات کی جائے تاکہ پھر سے ایسے واقعات نہ ہوں۔#

مزید :

صفحہ اول -