حادثے کے شکار طیارے سے ملنے والا قیمتی سامان کہاں ہے؟ خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) رینجرز حکام نے حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے ملبے سے ملنے والا قیمتی سامان پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے حوالے کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جائے حادثہ سے ملنے والے تمام سامان کو رینجرز ہیڈ کوارٹرز جامعہ ملیہ کالج کراچی میں پی آئی اے حکام کے حوالے کیا گیا۔جائے حادثے سے بر آمد شدہ سامان میں موبائل فونز، لیپ ٹاپ، آئی فون، الیکٹرانک آئٹمز، سونے کے اور مصنوعی زیورات، مختلف اقسام کی گھریلو اشیاء، ہینڈ بیگز، سفری بیگز، لیڈیز اور جینٹس پرس، پاسپورٹس اور قیمتی اشیاءشامل ہیں۔
بر آمد شدہ سامان میں 3کرو ڑ24 ہزار 300 روپے جلی ہوئی پاکستانی کرنسی جبکہ نقدی رقم 16 لاکھ 67 ہزار 692 روپے پاکستانی کرنسی، 70 پاؤنڈز اور 625 ڈالرز غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔پی آئی اے حکام نے ریسکیو آپریشن میں رینجرز کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہاتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی لاہور سے کراچی آنے والی پرواز لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ماڈل کالونی جناح گارڈن کے علاقے میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں عملے سمیت 98 افراد جاں بحق ہوگئے۔