عید کے دنوں میں جنگ بندی کا اعلان کرنے پر اشرف غنی نے طالبان کو بڑا تحفہ دے دیا
کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان کے صدر اشرف غنی کی جانب سے امارت اسلامی (طالبان) کے 2 ہزار قیدی رہا کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
افغان صدر کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے جارہی ہے۔ یہ اقدام طالبان کی جانب سے عید کے 3 دنوں میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد جذبہ خیر سگالی کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ہفتہ کے روز افغان طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ عیدالفطر کے تین دن تک افغانستان کی حکومت اور فوجیوں پر کوئی حملہ نہیں کریں گے۔ افغان صدر اشرف غنی نے بھی اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری فوج بھی اس جنگ بندی کا احترام کرے گی۔