ہڑپہ میوزیم آڈیٹوریم میں ساہیوال کی مشہور شخصیات کی گیلری مکمل

    ہڑپہ میوزیم آڈیٹوریم میں ساہیوال کی مشہور شخصیات کی گیلری مکمل

  

لاہور(نیوز رپورٹر)ہڑپہ میوزیم آڈیٹوریم میں ساہیوال کی مشہور شخصیات کی گیلری مکمل ہو گئی ہے۔ سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ نے چھٹی کے روز ہڑپہ میوزیم کا دورہ کر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ساہیوال گیلری کا بھی معائنہ کیا جہاں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ہیروز احمد خان کھرل، طارق عزیز، شعرا مجید امجد، منیر نیازی، گلوکار مہدی حسن، کرکٹرز مشتاق احمد اور منظور الہی کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے ہیروز سے آگاہی دینے کے لئے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ نے ٹی ڈی سی پی کے ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر کا دورہ کیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سنٹر کے باہر گیلری میں سیاحتی مقامات کی خوبصورت تصاویر آویزاں کر دی گئی ہیں۔

 انہوں نے ایس ڈی او کمیونیکیشن اینڈ ورکس کو ہدایت کی کہ بجلی کے کنیکشن سمیت دیگر چھوٹا موٹا کام جلد مکمل کیا جائے۔

 انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ 10 روز کے اندر ملبہ وہاں سے ہٹوایا جائے۔ احسان بھٹہ نے ہدایت کی کہ ہڑپہ میوزیم میں نوتعمیر شدہ آڈیٹوریم میں ایئرکنڈیشنرز کی تنصیب جلد کی جائے جبکہ پی ایچ اے آڈیٹوریم کی بیرونی خوبصورتی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑپہ میوزیم کا آڈیٹوریم سیاحوں بالخصوص نوجوانوں کے لئے معلومات کے انجن کا کام کرے گا۔ سیکرٹری نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ آڈیٹوریم میں صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -