چوہدری نثار کسی تبدیلی کا جھونکا ثابت نہیں ہونگے،سبطین خان

   چوہدری نثار کسی تبدیلی کا جھونکا ثابت نہیں ہونگے،سبطین خان

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کسی تبدیلی کا جھونکا ثابت نہیں ہوں گے۔ ان کے آنے سے اسمبلی میں فقط ایک ممبر کے اضافہ کے علاوہ کچھ نیا نہیں ہوگا۔ حالات نارمل رہیں گے۔ جیسے چل رہا ہے سب کچھ ویسے ہی چلتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں میڈیا نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ہو کر تین سال بعد اسمبلی کا حلف اٹھانا اخلاقی طور پر بھی درست عمل نہیں۔ کسی کو تحفظات تھے تو اسمبلی فلور ان کے اظہار کا بہترین فورم تھا۔ تین سال بعد حلف اٹھانے کا فیصلہ کرنے سے کیا تحفظات دور ہو گئے؟۔ سبطین خان نے کہا کہ حلف نہ اٹھا کر چوہدری نثار کی آدھی سیاست پہلے ہی ختم ہو چکی۔ وہ اب کوئی موثر سیاسی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ حلف اٹھانے میں تاخیر کرنے پر انہیں اپنے حلقے کے لوگوں سے بھی معافی مانگنی چاہیے۔

 سبطین خان نے مزید کہا کہ پنجاب کا سیاسی درجہ حرارت مجموعی طور پر نارمل ہے۔ پنجاب حکومت عثمان بزدار کی قیادت میں مضبوط اور مستحکم ہے۔ اراکین پنجاب اسمبلی وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور انہی کی وزارت اعلیٰ میں حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار سوچ سمجھ کر حلف لیں، اگر آج انہوں نے حلف اٹھا لیا تو اس کی پاسداری بھی ان پر واجب ہو جائے گی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -