محکمہ امداد باہمی کی اربوں کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرا لی‘راجہ بشارت

محکمہ امداد باہمی کی اربوں کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرا لی‘راجہ بشارت

  

 لاہور(این این آئی) وزیر قانون و کوآپریٹوز راجہ بشارت نے کہا کہ پنجاب میں محکمہ امداد باہمی کی ملکیتی اربوں روپے کی قیمتی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرا لی گئی ہے اور ناجائز قابضین سے سرکاری بقایا جات کی وصولی کا عمل بھی جاری ہے، واگذار کرائی گئی زمین پنجاب کوآپریٹوز لیکوڈیشن بورڈ کی ملکیت تھی جو کہ لاہور راولپنڈی،گوجرانوالہ،فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، قصور، اٹک، مری اور دیگر شہروں میں ساڑھے چار ہزار سے زائد کنال کمرشل، رہائشی و زرعی اراضی سالہا سال سے قبضہ مافیا کے پاس تھی۔ راجہ بشارت نے بتایا کہ صرف لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ، جلالپورہ اور دیگرمقامات پر674 کنال اراضی گزشتہ چھ ماہ کے دوران واگزار کرائی گئی۔ایک بیان میں  صوبائی وزیر نے کہاکہ انہوں نے پنجاب کوآپریٹوز بینک کو بھی اپنی اراضی قبضہ مافیا سے جلد چھڑانے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ طویل عرصہ سے غیر فعال کوآپریٹو سوسائٹیوں کو بحال کرنے کے لیے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جبکہ صدر کوآپریٹوز بینک کی طویل عرصہ سے خالی آسامی پرجلد ہی ریگولر تعیناتی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی سہولت کے لیے کوآپریٹوز سٹور اور سروس سنٹر بحال کیے جارہے ہیں نیز کوآپریٹوز بینک کے ذریعے کسانوں کو زرعی آلات کی خریداری کے لیے جلد ہی آسان قرضوں کا اجرا دوبارہ شروع کیا جارہاہے۔

راجہ بشارت

مزید :

صفحہ آخر -