مسلم لیگ (ق) اور فنکشنل کے اسرائیل کیخلاف مظاہرے، سنی تحریک کی احتجاجی ریلی
راولپنڈی،کراچی،سکھر ((این این آئی) فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ (ق) اور مسلم لیگ فنکشنل کے زیر اہتمام اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے جبکہ سنی تحریک کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق)کے زیراہتمام فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی عوام سے یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اتوار کو مظاہرہ مری روڈ پر راولپنڈی پریس کلب کے باہر کیا گیا،مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ ق کے ضلعی صدر زبیر خان، مصطفیٰ ملک،فیاض تبسم نے کی۔مظاہرے میں کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ، مشال ملک، ظفر بختاوری،ممبران اسمبلی اعجاز خان جازی، مفتی عبیدالرحمن بھی شامل تھے۔ مظاہرین اپنے ساتھ مسجد اقصیٰ کا ماڈل بھی لائے،فلسطینی و کشمیری عوام کے حق اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مشال ملک نے کہاکہ اسرائیل کی طرف سے فلسطین پر جو ظلم ہورہا ہے اس کیخلاف احتجاج کیلئے مسلم لیگ ق کی شکر گزار ہوں،ہم فلسطین کیلئے حق اور سچ کیلئے ننگے پاؤں بھی چل کر آئیں گے،دنیا بھر میں اسلام و فوبیا پھیل رہا ہے،مودی یا نیتن یاہو کو گالیاں دینے کے بجائے ہم لوگ خود بٹے ہوئے ہیں مسلمانوں کو خود سوچنا پڑے گا۔ کراچی میں سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ فلسطین و کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرنیوالے ہی ظالم و جابر ہیں۔ اقوام متحدہ فلسطین سے اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ فوری ختم کرائے،قبلہ اول بیت المقدس کے تحفظ کیلئے مسلم اُمہ جہاد کیلئے تیار ہے، فلسطین کی ریاستی زمین پر اسرائیل کا غیر قانونی قبضہ کو اقوام متحدہ عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے تحت نکالی گئی عظیم الشان لبیک بیت المقدس و کشمیر ریلی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے فہیم الدین شیخ، محمد مبین قادری، محمد آفتاب قادری، محمد طیب قادری، علامہ محمود قادری و کراچی ڈویژن کے تنظیمی عہدیداران بھی موجود تھے۔ دریں اثناء فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی و اسرائیلی حکومت کیخلاف پاکستان مسلم لیگ فنگشنل ضلع سکھر کے زیر اہتمام کارکنان کی کثیر تعداد نے زیر قیادت ف لیگ رہنماؤں عبدالحق مہر، حسین بخش بھنبھرو، محمد یاسین جونیجو، محمد حیات منگریو، اسلام الدین کاندھڑو، صدر الدین سمیجو، ارباز علی عباسی، محمد جاوید شیخ، کوثر پروین، استاد خان چنہ، محمد شاہد ملک، ارشاد شاہ و دیگر کی قیادت میں اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی، شرکاء نے ہاتھوں میں مذمتی پلے کارڈ،ینرز اٹھا رکھے تھے، شرکاء نے اسرائیل سے شدید نفرت کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے۔
اظہار یکجہتی/مظاہرے