5سے 16سال کی عمر کے 32فیصد بچے سکول نہیں جا رہے: ادارہ شماریات

  5سے 16سال کی عمر کے 32فیصد بچے سکول نہیں جا رہے: ادارہ شماریات

  

  اسلام آباد (این این آئی)وفاقی ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 32 فی صد بچے سکول نہیں جا رہے۔پاکستان کے سماجی اور معیارات زندگی سے متعلق ادارہ شماریات نے سروے رپورٹ جاری کی ہے، ادارہ شماریات نے ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکٹرانک سروے کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 32 فی صد بچے سکول نہیں جا رہے،ملک میں شرح خواندگی 60 فی صد پر جمود کا شکار ہے،سندھ میں شرح خواندگی میں کمی آئی ہے، پرائمری،مڈل اور میٹرک کی سطح پر سکول میں داخلے جمودکا شکار ہیں۔سروے کے مطابق سکول میں داخلے کے حوالے سے پنجاب میں سب سیزیادہ،کے پی میں دوسرے نمبر پر رہا، سندھ تیسرے اور بلوچستان آخری نمبر پر رہا،رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 47 فی صد،پنجاب میں 26 فی صد بچے سکول نہیں جا رہے۔ ادارہ شماریات کے سروے کے مطابق کوروناکی پہلی لہر کے دوران ملک میں 40 فی صد گھرانے غذائی کمی کا شکار ہوئے، پاکستان میں 2فی صد گھرانے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، 14فی صد گھرانے درمیانی درجے کی غذائی کمی کا شکار ہیں، 84 فیصد گھرانے غذائی اعتبار سے محفوظ ہیں،غذائی قلت سب سے زیادہ بلوچستان میں ہے، بلوچستان میں 23 فیصدگھرانے شدید یا درمیانے درجے کی غذائی کمی کا شکار ہیں، خیبرپختون خوا میں 14 فیصد گھرانے غذائی کمی کا شکار ہیں۔سروے نتائج کے مطابق ملک میں 93 فی صد آبادی کے پاس موبائل فون کی سہولت ہے، 65 فیصد مردوں اور 25 فی صد خواتین کے پاس موبائل فون ہیں۔

 ادارہ شماریات

مزید :

صفحہ آخر -