پاکستان کا اظہار یکجہتی کبھی  فراموش نہیں کرپائیں گے فلسطینی سفیرکا اظہار تشکر کا خط

  پاکستان کا اظہار یکجہتی کبھی  فراموش نہیں کرپائیں گے فلسطینی سفیرکا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (این این آئی)فلسطین کے سفیر احمد ربیعی نے اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینیوں کی بھرپور حمایت پر اہل پاکستان کے نام اظہار تشکر کا خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کی طرف سے میں پاکستان کے برادر عوام، اس کی عظیم فوج، تمام معزز عہدیداروں، صدر ووزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ، تمام وزراء، ارکان پارلیمان، جماعتوں کے قائدین کاتہہ دل سے مخلصانہ شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے فلسطینیوں اورایک خودمختار اور آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی جدوجہد میں ان کی بھرپور حمایت کی۔ خط میں کہاگیاکہ میں تہہ دل سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے واشگاف اور شاندار الفاظ میں فلسطینی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے کے علاوہ نہتے او ربے گناہ فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی ظلم وبربریت اور جارحیت کی مذمت کی اور مسئلہ فلسطین کے حل کے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کیلئے عالمی برادری پر زور دیا۔ جنگ بندی، کشیدگی اور ظلم و بربریت کو ختم کرانے کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس بلانے کیلئے آپ کی کوششوں کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔ اتفاق رائے پیدا کرنے، رائے عامہ ہموار کرنے اور اس بحث کو صحیح رْخ پر استوار کرنے میں پاکستان نے ایک انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ 21 مئی یوم یکجہتی فلسطین کادن،عوام کبھی فراموش نہیں کرپائیں گے۔ اللہ تعالی پاکستان کو اپنی رحمتوں میں رکھے۔
فلسطینی سفیر

مزید :

صفحہ اول -