شناختی کارڈ سے محروم افراد کی ویکسی نیشن بڑا چیلنج کوئی راستہ نکال  لیں گے: اسد عمر

  شناختی کارڈ سے محروم افراد کی ویکسی نیشن بڑا چیلنج کوئی راستہ نکال  لیں گے: ...

  

 اسلام آباد(این این آئی)وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے اعتراف کیا ہے کہ ملک میں رہائش پذیر وہ افراد جن کے پاس قومی شناختی کارڈ نہیں ان کی ویکسی نیشن ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ایسے افراد کی ویکسی نیشن کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ایک انٹرویو میں اسد عمر نے کہاکہ جوافراد اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے پاس رجسٹرڈ ہیں اور ان کے پاس پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ ہے ان کا معاملہ فورم میں زیر غور آیا اور انہیں ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ ان کے لیے پالیسی کا اعلان کردوں جو ملک میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں کیوں کہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں تسلیم کر کے ویکسین لگانا عجیب بات ہوگی۔مزید یہ کہ جن کے پاس قومی شناختی کارڈز موجود ہیں انہیں ویکسین لگانا ہماری ترجیح ہے اور اس کے بعد ہم ان کی جانب بڑھ سکتے ہیں جن کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ این سی او سی کے اراکین مل کر اس معاملے کو دیکھیں گے اور ان افراد کی ویکسینیشن کا کوئی راستہ نکالیں گے۔دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے نجی ٹی وی کوبتایا کہ یہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے اور حکومت کو اسے دیکھنا چاہیے کہ اگر غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ویکسین نہیں لگائی گئی تو وائرس موجود رہے گا۔

اسدعمر 

مزید :

صفحہ اول -