بلدیہ اعلی سکھر اور محکمہ پبلک ہیلتھ کی خاموشی،نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے نامکمل
سکھر(این این آئی)بلدیہ اعلی سکھر اور محکمہ پبلک ہیلتھ کی مجرمانہ خاموشی،نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے نامکمل، نیو پنڈ انجن شیڈ کالونی گندے پانی میں ڈوب گیا، شکایت کے باوجود نکاسی آب کا عمل کئی ماہ بعد بھی شروع نہ ہوسکا،علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا،منتخب نمائندگان،کمشنر سکھر و بالاحکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق سکھر میونسپل کارپوریشن، محکمہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور مسلسل لاپرواہی کے باعث سکھر شہر میں جاری نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے و ترقیاتی کام گذشتہ کئی ماہ سے التواء کا شکار نظر آرہے ہیں شہر کے مختلف تجارتی و کاروباری مراکز میں نکاسی آب نظام خراب ہونے کیساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں پرانہ سکھر،نمائش،قریشی گوٹھ،نیو پنڈ،گڈانی پھاٹک روڈ،انجن شیڈ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں نالیاں اور گٹر ابلنے کے باعث گندہ پانی سڑکوں پر جمع ہونا روز کا معمول بنتا جارہا ہے سکھر کے علاقے نیو پنڈ انجن شیڈ کالونی میں گذشتہ کئی ماہ سے نکاسی آب سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے کھڑا گندہ پانی علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گذرے والے شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا ہے جبکہ گندہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے نکاسی آب کے نظام کی درستگی سمیت ترقیاتی کام مکمل کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کئے جارہے ہیں علاقہ مکینوں سمیت سماجی حلقوں نے بالا حکام سے نوٹس لیکر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔