گھرپر چھاپے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی 

گھرپر چھاپے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ...
گھرپر چھاپے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی 

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )  گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن لاہور میں گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ  ادا کر دی گئی ۔

کانسٹیبل کمال احمد کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی ، وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او لاہور،ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ افسران ، خواجہ سلمان رفیق، عطا ا للہ تارڑ،عمران گورایہ،طلحہ برکی و دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

نماز جنازہ کے بعد  وزیر اعلیٰ پنجاب نے   کانسٹیبل کمال احمد کی روح کے ایصال ثواب اوردرجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور  جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے  کمال احمد کے بیٹے اوربھائیوں سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ  میرے پاس آپ کے ساتھ اظہار افسوس کے لئے الفاظ نہیں، جن لوگوں نے یہ ظلم کیا ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچاؤں گا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم کو بہادرسپوت کی عظیم قربانی پر فخر ہے، سوگوار خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کے گھر پر چھاپہ ماریا گیا جس پر کارکن کی جانب سے فائرنگ کر دی گئی جس کی زد میں آکر کانسٹیبل کمال احمد جاں بحق ہو گیا  تھا، پولیس نے  فائرنگ کرنے والے باپ بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -