جنوبی کوریا میں ماں پر معذور بیٹی کے قتل کا الزام

جنوبی کوریا میں ماں پر معذور بیٹی کے قتل کا الزام
جنوبی کوریا میں ماں پر معذور بیٹی کے قتل کا الزام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیول (رضا شاہ) 60 سالہ ایک خاتون کو اپنی معذور بیٹی کو قتل کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کی اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر خاتون نے 30 سال سے زیادہ اپنی معذور بیٹی کی دیکھ بھال کی تھی۔ ملزمہ پر الزام ہے کہ اس نے دارالحکومت سیول سے 40 کلومیٹر مغرب میں انچیون نامی شہر میں واقع اپنے گھر میں اپنی 30 سال کی معذور بیٹی کو نیند کی گولیاں دے دی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ اپنی بیٹی کو نیند کی گولیاں دینے کے بعد خود کشی کے ارادے سے ملزمہ نے خود بھی نیند کی گولیاں کھا لیں لیکن اسے اس کے بیٹے نے بیہوشی کی حالت میں ہسپتال پہنچایا۔ ملزمہ کے ہوش میں آنے کے بعد ہنگامی طور پر اُسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمہ نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو نیند کی گولیاں کھلا کر مارنا چاہتی تھی کیونکہ بیٹی مبینہ طور پر پیدائشی دماغی عارضے میں مبتلا تھی اور حال ہی میں اسے بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص بھی ہوئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ نے اپنے شوہر سے الگ رہتے ہوئے اپنی معذور بیٹی کی 30 سال سے زیادہ دیکھ بھال کی۔ پولیس نے کہا کہ جب سے اس کے بیٹے کی شادی ہوئی ہے اس نے اپنی بیمار بیٹی کی تنہا دیکھ بھال کی تھی۔  ملزمہ نے جرم کا اقرار کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی کی نگہداشت کیلئے مالی وسائل نا ہونے کی وجہ سے اُس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔