جنرل ہسپتال میں بچہ یورالوجی وارڈ،پارکنگ پلازہ بنائیں گے،جاوید اکرم

جنرل ہسپتال میں بچہ یورالوجی وارڈ،پارکنگ پلازہ بنائیں گے،جاوید اکرم

  

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں بچہ یورالوجی وارڈ اورعوام و سٹاف کی سہولت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا یہ اعلان انہوں نے  پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت اور صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی فیئر ویل پارٹی کا انعقاد بھی کیا گیا۔پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پرنسپل ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی سربراہی میں ایل جی ایچ ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ حکومت اس ہسپتال کو ماڈل بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اکیڈمک کونسل میں پروفیسر صاحبان نے شرکت کی۔ پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ ای ڈی پنز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے دوران ملازمت قابل فخر خدمات سر انجام دیں۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد الفرید ظفر نے نگران وزیر صحت کو ادارے کے مختلف شعبوں کے متعلق بریفنگ دی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کچھ روز قبل پی کے ایل آئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران صحت کارڈ بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔