معیشت تباہ مہنگائی سے مڈل کلاس ختم، عوام میں غم و غصہ کا لاوا پک رہا جو پھٹنے کے قریب ہے: سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی موجودہ اور پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت این آر او کی پیداور اور ملک کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار ہیں، اقتدار میں آکر ان کی لڑائی ڈلیور کرنے کی بجائے مفادات سمیٹنے تک محدود رہی، ان کی انا اور ذاتیات کی آگ کے الاؤ میں ملک جل رہا ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ عوامی نمائندے بیٹھ کر ملکی مسائل کا حل نکالتے مگر کوئی سنجیدہ نہیں۔ معیشت تباہ، مہنگائی، بے روزگاری سے مڈل کلاس ختم ہوگئی، غریب اور امیر کاگیپ خطرناک حد تک پہنچ گیا۔ عدالتیں عام آدمی کے لیے بند، اشرافیہ کے لیے کھلی ہیں۔ عوام میں غم و غصہ کا لاوا پک رہا ہے جو پھٹنے کے قریب ہے، ان حالات میں سب سے تشویشناک امر یہ ہے کہ دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا، کراچی، کوئٹہ، پشاور سمیت کوئی بڑا شہر محفوظ نہیں، جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے بامعنی سیاست کرتی ہے،گھیراؤ جلاؤ کی سیاست کی مذمت، مذاکرات اور مکالمے پر یقین کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلا س میں نائب امرا ء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ،سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرلز اظہر اقبال حسن، محمد اصغر، حافظ ساجد انوراور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف شریک تھے۔ اجلاس نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر ژوب میں خودکش حملہ کی پرزور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ خودکش حملہ کی تحقیقات سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جائے۔اجلاس ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت نے ژوب خودکش کے بعد اہل ژوب اور بلوچستان کے عوام کی طرف سے ہمدردی کے اظہار پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیریت دریافت کرنے کے لیے منصورہ آنے والے علما، وکلا، اساتذہ، ڈاکٹرز اور دیگر وفود اور سیاسی و مذہبی قائدین کے بھی ممنون ہیں۔
امیر جماعت نے حکومت پر زور دیا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دیا جائے۔انہوں نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی سپریم کورٹ کے حکم پر منگل کو رہائی پر اہل گوادر کو مبارکباد دی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ گوادر کے عوام کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک کا اصل مسئلہ انصاف کا فقدان ہے۔
سراج الحق