محبت کا شاعر

 محبت کا شاعر
 محبت کا شاعر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ٭آپ کا نام؟
٭ماں باپ نے تو سکون بخش رکھا تھا لیکن مجھے سکون سے کوئی علاقہ نہیں سو میں نے اپنا نام حالتِ اضطراری رکھ لیا ہے آج اسی نام سے بہت سوں کے لئے وجہئ بے قراری بن چکا ہوں۔
٭شاعری کی طرف رجحان کیسے ہوا؟
٭ایک لمبی داستان ہے بس یوں سمجھو کہ ایک بار میں نے اپنے ہمسائے میں مقیم شاعر کو بیوی سے پٹتے دیکھ لیا تھا عورت کے ہاتھوں مرد کی پٹائی کا منظر میرے لئے بہت انوکھا تھا مجھے شاعر کی قسمت پر رشک آنے لگا اور میں نے اسی لمحے شاعر بننے کا فیصلہ کر لیا۔
٭بہت خوب اس سے نقادوں کی یہ بات درست ثابت ہوئی کہ ہر بڑا شاعر حادثاتی طور پر سامے آتا ہے آپ کی شاعری کا پیغام کیا ہے؟
٭اکثر شاعر دل جلے پیغام دیتے ہیں میں تو محبت کا شاعر ہوں یہی میرا پیغام ہے۔
٭آپ کا پیغام واقعی قابل قدر ہے، یہ فرمایئے ادب میں گروہ بندی کو آپ کس نظر سے دیکھتے ہیں۔
٭بڑا ٹیڑھا سوال کیا ہے ارے بھئی ان دو آنکھوں سے ہی دیکھتا ہوں۔
٭معاف کیجئے میرا مطلب یہ تھا آپ ادب میں گروپ بندی کو جائز سمجھتے ہیں یا نہیں؟
٭بات یہ ہے جناب کہ ادب ایک سمندر ہے۔ ادب میں گروہ یا گروپ بندی مجھے بالکل پسند نہیں۔ اس سے نفرتیں جنم لیتی ہیں جبکہ میں محبت کا شاعر ہوں۔
٭اے کاش سب ادیبوں، شاعروں کے خیالات آپ جیسے ہو جائیں یہ بتایئے اس عہد کا بڑا شاعر کون ہے؟
٭آپ کی انکھوں سے شرارت جھلک رہی ہے۔ سچ مچ بتائیں آپ پوچھنا کیا چاہتے ہیں؟
٭میرا خیال ہے میرا سوال تو بڑا واضح ہے۔
٭میں سوال کی وضاحت نہیں مانگ رہا آپ کی شرارت کا پوچھ رہا ہوں۔
٭یقین کریں میں بالکل سنجیدہ ہوں۔
٭اچھا پھر پہلے آپ بتائیں کہ اس عہد کا بڑا شاعر کون ہے؟
٭جناب میرا علم محدود ہے، میں یہ فیصلہ کیسے کر سکتا ہوں؟
٭آپ بہت زیادہ انکساری سے کام لے رہے ہیں اب آپ کا علم اتنا بھی محدود نہیں کہ سامنے کی حقیقتیں نہ جانتا ہو۔
٭میں سمجھا نہیں؟
٭بہت بھولے ہیں آپ، ایک مثال سے سمجھتا ہوں فرض کریں چودھویں کی رات ہے اور آپ چھت پر کھڑے ہیں مطلع صاف ہے تو کیا آپ کو یہ جاننے کے لئے جستجو کرنی پڑے گی کہ چاند کہاں ہے؟
٭عجیب امتحان میں ڈال دیا ہے آپ نے شاید آپ کہنا چاہ رہے ہیں کہ اس عہد کے عظیم شاعر آپ ہیں۔
٭ایسے جملوں میں شاید کا استعمال مناسب نہیں ہوتا ویسے مجھے کبھی یہ شوق نہیں رہا کہ عظیم شاعر کہلاؤں، بس یہ لوگوں کی محبتیں ہیں۔
٭چلئے یہ بتا دیجئے، زخمی قیامت آبادی جن کا آج کل بڑا چرچا ہے کیسے شاعر ہیں؟
٭کون زخمی قیامت آبادی؟
٭کمال ہے وہی جسے تمام نقاد اس عہد کا بڑا شاعر مانتے ہیں۔
٭وہ الو کا پٹھہ اس عہد کا بڑا شاعر ہے، ارے وہ تو میرے ایک مصرے کی خاک نہیں، نرا احمق ہے۔
٭لیکن آپ کو اس سے اتنی نفرت کیوں ہے۔
٭مجھے ہر اس شخص سے نفرت ہے جو میرے مقام کی توہین کرے۔
٭لیکن اضطراری صاحب آپ تو محبت کے شاعر ہیں پھر یہ نفرت کیوں؟
٭ہاں میں محبت کا شاعر ہوں، لیکن اس محبت کا جو اپنے آپ سے کی جاتی ہے۔
٭لیکن؟
٭لیکن ویکن کچھ نہیں۔ آپ بہت متعصبانہ سوالات پر اتر آئے ہیں مجھے تعصب، گروہ بندی اور منافقت سے شدید نفرت ہے آپ تشریف لے جائیں۔
٭وہ اضطراری صاحب میں تو……!
٭بس آپ لوگوں کا تو کام ہی شرفاء پر کیچڑ اچھالنا ہے وہ بھی ڈھٹائی کے ساتھ آپ نہیں جاتے تو میں ہی چلا جاتا ہوں لیکن کان کھول کر سن لیجئے، میں اس عہد کا بڑا شاعر ہوں اور جب تک زندہ ہوں بڑا ہی رہوں گا کیونکہ میں محبت کا شاعر ہوں اور مجھے نام و نمود سے کوئی غرض نہیں۔
٭ٹھیک ہے اضطراری صاحب میں چلا جاتا ہوں لیکن میں نے آپ پر کوئی کیچڑ نہیں اچھالا، اچھا اب چلتا ہوں۔
٭ٹھہریئے بھائی صاحب کچھ میرا خیال بھی کیجئے۔ (اندر سے زنانہ آواز آئی)
٭جی آپ کون بول رہی ہیں؟
٭میں حالت اضطراری کی گھر والی ہوں۔ آپ اس بڑے شاعر سے کہیں بڑھکیں مارنے کی بجائے کوئی کام کرئے تاکہ بچے بھوکے نہ سویا کریں۔ نہیں تو آپ اسے میری طرف سے کسی کباڑیئے کو بیچ دیں کم از کم ہمارے دو چار دن تو اچھے گزر جائیں گے اللہ کسی عورت کو ضبطِ عظمت میں مبتلا شاعر کی بیوی نہ بنائے۔
٭اب کہئے حالت اضطراری صاحب۔
٭دفع ہو جاؤ یہاں سے۔

مزید :

رائے -کالم -