پاکستان انویسٹرز فورم سعودی عرب کی تقریب، پاکستانی کاروباری افراد اور سفارتی افسران کی شرکت

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان انویسٹرز فورم سعودی عرب کی جانب سے سفارت خانہ پاکستان کے تعاون سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کاروباری افراد کے علاوہ سفارت خانہ پاکستان کے افسران بھی شریک تھے جس میں شرکاء کا کہنا تھا کہ ہمیں ملکر ملکی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا.
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایکسپو پاکستان 2023 کی تعارفی تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان ایکسپو آرگنائزر نوید انور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپو نمائش اکتوبر میں اسلام آباد میں ہوگی جس میں پاکستان بھر کی تمام صعنتی اشیاء کے علاوہ گھریلو دستکاریوں اور فوڈ اشیاء کی نمائش کی جائے گی اسکے علاوہ تعلیمی اداروں اور پبلشرز کی جانب سے بھی سٹالز لگائے جائیں گے جس میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانی کاروباری افراد سمیت ان ممالک کے بڑے سرمایہ داروں اور کاروباری افراد کو دعوت دی جا رہی ہے.
اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی رانا محمد معصوم، انوسٹرز فورم کے صدر راجہ خالد ،رانا عبدالرؤف اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں ایک جگہ پر ملکی صعنت اور دیگر اشیاء کی نمائش سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے اور معیشت میں بہتری آتی ہے جس کی اس وقت پاکستان کو اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے اوورسیز کاروباری پاکستانیوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور دنیا بھر میں جس طرح بڑی ایکسپو نمائشوں کا انعقاد کرکے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جا رہی ہے ہمیں بھی اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے.