ہمدردیاں شیریں مزاری کے ساتھ لیکن میرا پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں،فرخ حبیب بھی بول پڑے
فیصل آباد (آئی این پی)پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ میرا پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ عمران خان اہم ہیں جو اپنے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں، لوگوں نے عمران خان کو منتخب کیا ووٹ دیا لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ایک سال سب نے دباؤ برداشت کیا لیکن اب چیزیں دباؤ سے باہر نکل گئیں، جب فیملی اور ذاتی کاروبار پر حملے شروع ہوجائیں تو دباؤ برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ میری ہمدردیاں 70 سالہ شیریں مزاری کے ساتھ ہیں، 5 مرتبہ شیریں مزاری کو گرفتار کیا گیا آج انہیں گجرات لے جایا جارہا تھا، ان کے خلاف سڑک بلاک کرنے کا مقدمہ بنایا گیا جسے مجسٹریٹ نے دیکھتے ہی ختم کردیا پھر انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی تیاری تھی۔
انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری ہیومن رائٹس کی چیمپئن ہیں انہیں توڑنے کی کوشش کی گئی کسی کے گھر کی دیوار گرادی گئی، کسی کا کاروبار ختم کردیا تو کسی کا پمپ توڑا گیا۔لوگوں کے خلاف غیرقانونی کاروائیاں کی جارہی ہیں، خرم دستگیر کا پیٹرول پمپ گرایا گیا اگر غیرقانونی تھا تو کلیم کرتے۔ آج ہمارے لوگوں کے قانونی کاروبار کو غیرقانونی طریقے سے ختم کیا جارہا ہے۔