امرتسر میں بدنام زمانہ گینگسٹر جرنیل سنگھ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا

امرتسر ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں بدنام زمانہ گینگسٹر جرنیل سنگھ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح شخص کی جانب سے جرنیل سنگھ کو 20 سے 25 گولیاں ماری گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جرنیل سنگھ کا تعلق بدنام زمانہ گوپی گھمشام پوریا گینگ سے تھا اور وہ ان دنوں ضمانت پر تھا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ دن دیہاڑے قتل کی واردات کی کچھ سی سی ٹی وی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں نقاب پوش افراد کو گولیاں چلاتے دیکھا گیا ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جرنیل سنگھ کو گینگ وار کی دشمنی میں قتل کیا گیا ہے۔