خلائی مخلوق کے کسی ممکنہ سگنل کیلئے خود کو تیار کرنے کی طرف اہم پیش رفت،خلاکی دنیا سے تازہ خبرآگئی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) نوع انساں کی تاریخ میں غالباً پہلی بار کل زمین پر موجود سائنسدان مریخ سے ایک پیغام موصول کریں گے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ پیغام کسی خلائی مخلوق کی طرف سے نہیں آئے گا بلکہ سائنسدانوں نے خود ہی اس کا اہتمام کیا ہے۔ اس وقت سائنسدانوں کی طرف سے بھیجا گیا ایک سیارچہ مریخ کے مدار میں گھوم رہا ہے۔ یہ پیغام اس سیارچے کے ذریعے زمین پر بھیجا جائے گا۔
یہ ’اِن کوڈڈ سگنل‘ لگ بھگ16منٹ میں 18کروڑ میل کا فاصلہ طے کرکے زمین پر پہنچے گا جسے زمین پر نصب کی گئی تین دیو قامت ٹیلی سکوپس موصول کریں گی۔ یہ سگنل یورپین سپس ایجنسی کی طرف سے مریخ کے مدار میں بھیجے گئے کرافٹ سے زمین پر بھیجا جا رہا ہے، جبکہ خلائی تحقیقاتی ادارے ’ایس ای ٹی آئی انسٹیٹیوٹ‘ (SETI Institute)کے ماہرین اس سگنل کو موصول اور ڈی کوڈ کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد خلائی مخلوق کی طرف سے آنے والے کسی ممکنہ سگنل کے لیے خود کو تیار کرنا ہے۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ جب کسی اور سیارے پر بسنے والی خلائی مخلوق ہم انسانوں کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے اس طرح کا سگنل بھیجے گی، وہ روئے زمین پر بسنے والے تمام انسانوں کے لیے حیران کن لمحہ ہو گا، جس کے لیے ہمیں تیاری کی ضرورت ہے، تاکہ ہم ایسے کسی بھی سگنل کو موصول کرکے اسے ڈی کوڈ کر سکیں۔اس تجربے کی دیگر تفصیلات فی الوقت مخفی رکھی جا رہی ہیں۔