پاک بھارت سیریز کی میزبانی کے موقف پر قائم ہیں ، شہریار

پاک بھارت سیریز کی میزبانی کے موقف پر قائم ہیں ، شہریار

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بی سی سی آئی کے صدر سے دوبئی میں مثبت مذاکرات ہوئے ہیں لیکن اس کی تفصیلات آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے چیئرمین جائلز کلارک بتائیں گے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی سی سی کے صدر ششانک منوہر اور میرے درمیان طے پایا ہے کہ دوبئی میں ہونے والی بات چیت سے متعلق اپنی اپنی حکومت کو اعتماد میں لیں گے ۔اسلئے اس بارے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا ۔صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کی پاک بھارت سیریز کا میزبان پاکستان ہے ۔بی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات میں آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے چیئرمین جائلز کلارک بھی موجود تھے ۔شہر یار خان نے کہاکہ وہ پاک بھارت سیریز کے انعقاد کے بارے میں بی سی سی آئی کے صد ر سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات کے بارے میں پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کو اگاہ کریں گے اور پھر ان کی ہدایت کے مطابق آگے بڑھیں گے ۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ دوبئی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سے بھی ملاقات ہوئی ۔پاکستان انگلینڈ کے خلاف آخری ون ڈے ہار گیا لیکن پاکستان کی فیلڈنگ بہترین تھی ۔میں نے قومی ٹیم کی اتنی اچھی فیلڈنگ کبھی نہیں دیکھی۔ ٹیم کو اس پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن لڑکے گراؤنڈ میں لڑتے نظر آتے ہیں ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...