چٹاگانگ وکنگز نے سلہٹ سپر سٹارز کو ایک رن سے ہرا دیا

چٹاگانگ وکنگز نے سلہٹ سپر سٹارز کو ایک رن سے ہرا دیا

ڈھاکہ۔ 23 نومبر (اے پی پی) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں چٹاگانگ وکنگز نے سلہٹ سپر سٹارز کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 180 رنز بنائے، تمیم اقبال اور یاسر علی نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ سلہٹ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور اس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ دلشان مناویرا 64 اور مشفق الرحیم 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شفیع الاسلام نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ گزشتہ روز شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے لیگ کے تیسرے میچ میں سلہٹ سپر سٹارز کے کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ چٹاگانگ وکنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

کپتان تمیم اقبال نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چار چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے، یاسر علی نے بھی عمدہ بیٹنگ کی چار چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز تراشی۔ سلہٹ کی طرف سے محمد شاہد، سباشس رائے، اجنتھا مینڈس اور نظم الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سلہٹ سپر سٹارز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ دلشان مناویرا نے 30 گیندوں پر 64 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، کپتان مشفق الرحیم (ناٹ آؤٹ) 50 اور نور الحسن 32 نرز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شفیع الاسلام نے تین اور سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی