ٹیوٹا اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ٹیوٹا اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور (کامرس رپورٹر): ٹیوٹانے زراعت اور لائیو سٹاک سیکٹر کوافرادی قوت کی فراہمی کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر لئے ہیں۔ معاہدے کے مطابق تین ماہ دورانیہ کے پولٹری فارمنگ (کنٹرولڈ شیڈ) اور ڈیری ٹیکنیشن شارٹ کورسز متعارف کروائیں جائیں گے۔اس معاہدے کا مقصد پولٹری اور ڈیری فارموں کو ان شعبہ جات میں ماہر افرادی قوت کو تیار کرکے ان کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان نے مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کئے۔ ممبران ٹیوٹا بورڈ علی پرویز ملک، حامد ملہی، ٹیوٹا افسران عبدالقیوم، اختر عباس بھروانہ،مصطفی کمال پاشا، مقصوداحمد، ڈاکٹر افتخار حسین، سرفراز انوراور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے معاہدے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعاون سے پولٹری فارمنگ اور ڈیری ٹیکنیشن تیار کئے جائیں گے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں شروع کئے جانے والے تین ماہ دورانیہ کے ان دو شارٹ کورسز میں سالانہ 4سو نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔15سے 35سال عمر کے مڈل لیکن میٹرک پاس امیدواروں کو تربیت فراہم کرنے کی ترجیح دی جائے گی۔دوران ٹریننگ کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی جبکہ ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔زرعی یونیورسٹی ان کا امتحان کا انعقاد کرے گی جبکہ ٹیوٹا اور زرعی یونیوسٹی مشترکہ سرٹیفکیٹ جاری کرینگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیوسٹی ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ زراعت اور لائیو سٹاک سیکٹر کو اپنے شعبے کیلئے ماہر افراد ی قوت کی روز بروز ڈیمانڈ بڑھتی جا رہی ہے ۔

ٹیوٹا کے ساتھ شروع کئے جانے والے ان شعبوں میں ماہر افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ زیر تربیت نوجوانوں کو ٹریننگ اور دیگر متعلقہ سامان فراہم کیا جائے گا۔وائس چانسلر زرعی یونیوسٹی نے کہا کہ کورس میں کامیاب نوجوانوں کو پولٹر ی اور ڈیری انڈسٹری میں روزگار فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...