چھوٹے کاشتکاروں میں امدادی رقوم کی تقسیم بلاتفریق جاری رہے گی:ڈاکٹر فرخ جاوید

چھوٹے کاشتکاروں میں امدادی رقوم کی تقسیم بلاتفریق جاری رہے گی:ڈاکٹر فرخ ...

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاویدنے کہا ہے کہ341ارب روپے کا کسان پیکج اس بات کا ثبوت ہے کہ زراعت کا شعبہ حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے نتیجہ میں اہم فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں کسانوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی منڈیوں میں اناج کی گرتی قیمتوں کے نتیجے میں کسان کے نقصان سے بخوبی آگاہ ہے اسی لیے کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کو فوری مالی امداد کی فراہمی کا منصوبہ بنایا۔حکومت چھوٹے کاشتکاروں کو کسان پیکج کے تحت 5000روپے فی ایکڑ مالی امدادفراہم کر رہی ہے جو پورے صوبے میں بلاتفریق جاری رہے گی۔ چھوٹے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے ان کے ٹیوب ویلوں کے بلوں کی ادائیگی کی مدت میں 31دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم فصلوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کر رہے ہیں جیسا کہ زرعی مشینری کی درآمد پر ٹیکسز 43فیصد سے کم کرکے صرف 9فیصدکر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زمین کی تیاری، زرعی مشینری، فصل کی کاشت، کٹائی، آب رسانی، نکاسی آب اور ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال ہونے والی مشینری کی درآمد او رمقامی خریداری پر سیلز ٹیکس 17فیصد سے کم کرکے صرف 7فیصد کردیا گیا ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے سولر ٹیوب ویل کی تنصیب کیلئے 14.5ارب روپے سے بلاسود قرضہ جات کی فراہمی بھی اس تاریخی پیکج کا حصہ ہے ۔ 14 ارب روپے سے ٹیوب ویلز کیلئے بجلی کی رعایتی نرخوں کے مطابق پیک آورز میں بجلی کی قیمت 10روپے 35پیسے فی یونٹ اور آف پیک آورز میں 8روپے85 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔

اس پیکج کے تحت 20 ارب روپے سے پوٹاشیم اور فاسفیٹ کھادوں کی قیمت میں فی بوری 500روپے کمی کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ یوریا کھاد پر فی بوری 200روپے کی فوری کمی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے زرعی قرضہ جات میں 100 ارب روپے کا مزید اضافہ کیا گیا ہے جبکہ زرعی اراضی کے پیداواری یونٹ کی ویلیو کو دگنا کیا گیا ہے جس کی بدولت کاشتکار اب موجودہ زمین پر دو گنا قرضہ حاصل کر سکیں گے ۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...