جغرافیائی حیثیت اورمعدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے

جغرافیائی حیثیت اورمعدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے

لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان کو اپنی بہترین جغرافیائی حیثیت اور وسیع معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس مقام پر پہنچ سکیں جہاں ہمیں ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد ، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ، نیشنل ڈیفنس یورنیوسٹی کے ایک بڑے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفد کو معاشی چیلنجز، توانائی، وفاقی بجٹ، تجارتی خسارے اور پاک چین اکنامک کاریڈور پر اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے اور نہ صرف خطے کا لیڈر بن سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی فیصلہ سازی کا کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دودھ اور کپاس پیدا کرنے والا چوتھا، گندم پیدا کرنے والا آٹھواں اور چاول پیدا کرنے والا دسواں بڑا ملک ہے جبکہ دنیا کی آٹھویں بڑی افرادی قوت اس کے پاس ہے۔ ان سے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھاکر پاکستان معاشی طور پر مستحکم ممالک کی صف میں شامل ہوسکتا ہے۔

شیخ محمد ارشد نے وفد کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت اور تاجر برادری کے درمیان پل کا کام کررہا ہے بلکہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے بھی ہر ممکن کردار ادا کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ لاہور چیمبر میں تجارتی و معاشی شعبہ جات سے متعلق سو سے زائد سٹینڈنگ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جونجی شعبے سے فیڈ بیک لیکر تجزیہ کرتی اور پھر بجٹ تجاویز کی صورت میں مرتب کرکے حکومتی اداروں کو بھجواتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر بجٹ کا بغور جائزہ لیکر اس میں پائے جانے والے ابہامات اور تاجر برادری کے تحفظات سے حکومت کو آگاہ کرتا ہے تاکہ انہیں دور کیا جاسکے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ لاہور چیمبر تجارتی معلومات کا تبادلہ یقینی بنانے کے لیے غیرملکی سفارتخانوں کے کمرشل سیکشنز سے مستقل رابطے میں رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بھی بخوبی آگاہ ہے اور اس کی سرپرستی میں شالامار ہسپتال اور لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ وفد کے سربراہ نے اپنے خطاب کے دوران ملک میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں لاہور چیمبر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری درست سمت میں قدم اٹھاکر ملک کی بہترین ساکھ اُجاگر کررہا ہے۔

مزید : کامرس