پاکستان میں توانائی سمیت متعدد شعنوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں ،روسی نائب وزیر

پاکستان میں توانائی سمیت متعدد شعنوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں ،روسی ...

اسلام آباد ( آئی این پی) روس کی جمہوریہ تا ترستان کے ایک تجارتی وفد نے وزارت صنعت و تجارت کے نائب وزیر جناب الدرمینگالے کی سربراہی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان کے توانائی اور آٹو موبائل سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کااظہار کیا ہے۔الدر مینگالے نے کہا کہ روسی وفدنے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور آئیل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان سے مذاکرت کئے ہیں جن کا مقصد پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے جوائنٹ ویننچرز کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ روس کی توانائی کی سب سے بڑی کمپنی گزپروم پاکستان کو ایل این جی گیس سپلائی کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے جبکہ روس کی سب سے بڑی انرجی کپمنی آر ٹی گلوبل ریسورس جو کہ ریشین سٹیٹ کارپوریشن روسٹک کا حصہ ہے وہ پاکستان میں 1100 کلو میٹر لمبی شمال تا جنوب گیس پائپ لائن تعمیر ے گی تا کہ ایل این جی کی ترسیل کیلئے کراچی اور لاہور کے درمیان گیس ٹرمینلز کو ملایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ روس کے سرمایہ کار پاکستان میں ہیوی ڈیوٹی ٹرک ، مسافر بردار گاڑ یوں اور دیگر خصوصی گاڑیوں کی تیاری سمیت شپ بلڈنگ، گیس ٹربائنز اور کمپریسر کی تیاری میں سرمایہ کاری اور شراکت داری قائم کرنے بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس نے فری اکانومک زونز قائم کئے ہیں جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش ٹیکس مراعات دی گئی ہے او ر کہا کہ پاکستان کے سرمایہ کاروں کے لئے روس میں ٹیکسٹائل یونٹس قائم کرنے کے اچھے خاصے مواقع موجود ہیں جہاں وہ سرمایہ کاری کر کے خطے کی اس بڑی مارکیٹ سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان روس میں تجارتی وفدلے جانے کا پروگرام بنا رہی ہے۔

لہذا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کو اس وفد میں شامل ہونا چائیے تاکہ وہ بھی روس میں کاروباری مواقعوں کا جائزہ لے سکیں۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ روس کاروبار کے لحاظ سے پاکستان کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ملک ہے اور پاکستان روس کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کے سرمایہ کاروں کا پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان ان کے لئے کاروبار او ر سرمایہ کاری کے لحاظ سے پرکشش ملک ہے جہاں مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں انہوں نے کہا کہ اب پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے لہذا روس کے ساتھ مذید قریبی تعاون ان مقاصد کے حصول کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانن روس کے ساتھ تجارت، معیشت،سائنس اور تینکی معاونت میں مذید تعاون فروغ دینا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان توانائی کی قلت جیسے مسائل سے دو چار ہے جس کی وجہ سے ملک میں صنعتی سرگرمیاں کافی متاثر ہو رہی ہیں لہذا روس کے سرمایہ کاروں کو چائیے کہ وہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری قائم کریں انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، آلات جراہی، چمڑے کی مصنوعات،پھل اور سبزیوں سمیت متعدد پاکستانی مصنوعات کی روس میں اچھی خاصی مانگ ہے لہذا دونوں ملکوں کو چائیے کہ وہ کثرت سے تجارتی وفود کا تبادلہ کریں تاکہ نجی شعبے باہمی تجارت کو بہتر کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شیخ عبدالوحید، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں اکرم فرید، اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر میاں شوکت مسعود اور دیگر نے پاکستان اور وس کے درمیانن آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے پر زور دیا جس سے تجارتی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

مزید : کامرس