چیمبر کی قائمہ کمیٹیوں کا تاجروں کے مسائل میں اہم کردار ہے: چوہدری نواز

چیمبر کی قائمہ کمیٹیوں کا تاجروں کے مسائل میں اہم کردار ہے: چوہدری نواز

فیصل آباد ( بیورورپورٹ)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے قائمہ کمیٹیوں کو بنیاد ی اہمیت حاصل ہے لہٰذا ان کمیٹیوں کو اپنے اپنے متعلقہ شعبوں کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرنی چاہیءں۔ وہ کسٹم بارے فیصل آباد چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد سعید اور دیگر عہدیداراں اور ممبران میں نوٹیفیکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ کے قیام سے فیصل آباد میں درآمدی اور برآمدی تجارت کا حجم تیزی سے بڑھا ہے تاہم اس میں مزید اضافے کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ فیصل آباد میں ڈرائی پورٹ کے ذریعے درآمدات میں کافی اضافہ ہواہے مگر برآمدات کو بڑھانے کیلئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے برآمدات کی بڑی تعداد اب بھی لاہور یا کراچی کے زریعے ہو رہی ہیں حالانکہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر ان کو وسیع سہولیات میسر ہیں۔ چوہدری محمد نواز نے مزید کہا کہ اگرچہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ کے ذریعے درآمدات کا سلسلہ بھی بڑھا ہے تاہم اس کے ساتھ ہی درآمدی تاجروں کو بعض مشکلات بھی درپیش ہیں جن کے ازالہ کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے قائمہ کمیٹی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ پوری سنجیدگی سے ان مسائل پر توجہ دیں تا کہ نہ صرف ان کے ممبران کو مزید سہولتیں مہیا کی جا سکیں بلکہ معیشت میں بھی تیزی سے بہتری آسکے۔ بعد ازاں انہوں نے کسٹم بارے کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد سعید ، سینئر وائس چیئرمین نوید شہزاد اور وائس چیئرمین محمد اصغرسمیت ممبران سعید احمد ، عمر اقبال، محمد شاہد، عبدالرؤف، محمد افضل، چوہدری محمد طفیل اور دلدار حسین میں نوٹیفیکیشن تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر خرم شہزاد ، محمد سلیم ، چوہدری محمد اصغر اور چوہدری محمد بوٹا کو کسٹم بارے قائمہ کمیٹی کیلئے آبزرور بھی نامزد کیا گیا۔

مزید : کامرس