وزارت تجارت کا امریکہ میں عالی شان پاکستان جمارش منعقد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کے 69 ویں اجلاس میں ملکی برآمدات بڑھانے کے لئے متعدد فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فاٹا میں قبائلی علاقہ کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے تربیتی سینٹر قائم کیا جائے گا جس کے ذریعے علاقے کے نوجوانوں کو تیکنیکی تربیت دی جائے گی، اس سینٹر کی بدولت چھوٹی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقے میں روزگا ر بھی بڑھے گا۔یہ سینٹر سنگ مرمر کی صنعت کیلئے بھی تیکنیکی افرادی قوت تیار کرے گی۔ اجلاس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو کراچی میں ٹیکسٹائل سے متعلق ٹیکسپوپاکستان نمائش کرانے کی منظوری بھی دی گئی جس میں ٹیکسٹائل کے تمام ذیلی سیکٹر اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کریں گے، یہ نمائش 7سے 10اپریل 2016کو منعقد ہو گی۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر نے سیکرٹری کامرس محمد شہزاد ارباب کی سربراہی میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی جو نمائش پر پیش آنے والے اخراجات کا بغور جائزہ لے گی اور اخراجات کی شفافیت سے متعلق رپورٹ دے گی۔ ٹیکسپو پاکستان کے انعقاد کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹر کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا اور ان کی تجاویز کی بنیاد پر نمائش کا انعقاد کیا جائے گاجس میں دنیا بھر سے ٹیکسٹائل کے خریداروں کو دعوت دی جائے گی۔بورڈ نے لیدر گارمنٹس مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے لیدر ڈیزئن سٹوڈیو کے قیام کا پراجیکٹ بورڈ کی فنانس کمیٹی کو سپرد کر دیا، کمیٹی پراجیکٹ کے تفصیلی جائزے کے بعد اس کے قابل عمل ہونے پر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔وفاقی وزیر نے بورڈ کو بتایا کہ ایکسپورٹرز سے مشاورت کے بعد اگلی عالی شان پاکستان نمائش امریکا کے شہر ہوسٹن میں ہو گی، اس سلسلے میں متعدد شہر زیر غور تھے جن میں بیجنگ، لندن اور شکاگو شامل ہیں لیکن ہوسٹن میں نمائش کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔ بورڈ نے ای ڈی ایف سیکرٹیریٹ میں افرادی قوت کے اضافے کی بھی منظوری دی۔