گیس کمپنیاں اپنا خسارہ پورا کرنے کیلئے صنعتکاروں کو پریشان نہ کریں،ظہیر بھٹہ

گیس کمپنیاں اپنا خسارہ پورا کرنے کیلئے صنعتکاروں کو پریشان نہ کریں،ظہیر بھٹہ

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز نے کہا ہے کہ سوئی گیس کمپنیاں اپنا خسارہ پورا کرنے کیلئے صنعتکاروں کو پریشان نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ ٹاؤن شپ انڈسٹریز میں صنعتی یونٹوں سے بلاوجہ اور بغیر بتائے گیس میٹر اتارلیے جاتے ہیں اور بعد میں ڈیٹیکشن بل کے نام پر دوبارہ گیس میٹر لگانے کے بعد 20سے تیس لاکھ روپے کی اوور بلنگ اوربھاری جرمانے کے بل ڈالے جارہے ہیں جو صنعتکاروں پر اضافی بوجھ اور تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کمپنی6سے8ارب کے سالانہ خسارے میں جارہی ہے جس کو پورا کرنے کیلئے صنعتکاروں کو پریشان کیا جارہا ہے اور یہ خسارہ صنعتکاروں سے وصول کرنے کی غلط پالیسی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ظہیربھٹہ نے کہا کہ ٹاؤن شپ انڈسٹریز میں صنعتکار ایمانداری سے کام کر رہے ہیں اور پوری انڈسٹری میں گیس چوری کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا ،اس لیے گیس کمپنیاں صنعتی یونٹوں کو پریشان کرنے کی بجائے اپنے شاہانہ اخراجات کو کنٹرول کرے تاکہ ان کا مالی خسارہ کم ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ اگرسوئی گیس کمپنی کے اہلکاروں نے اپنے وطیرہ درست نہ کیا تو ٹاؤن شپ انڈسٹریز دوسری ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر سوئی گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کرینگی جس کی تمام تر ذمہ داری گیس کمپنی پر عائد ہوگی۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...