مسلم لیگ(ن) کے ورکروں کا الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر مظاہرہ
لاہور (کامرس رپورٹر) مسلم لیگ( ن )کے ورکرز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر مظاہرین نے ساہیوال میں مسلم لیگ( ن) کی مقامی قیادت کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں واضح کامیابی کے باوجود الیکشن کمیشن جیت کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کر رہا جبکہ ساہیوال کے ایک ایم پی اے اور صوبائی وزیر اس میں رکاوٹ کا سبب ہیں، حاجی عبدالطیف کا کہنا تھا کہ میں (ن) لیگ کے ٹکٹ پر یو سی چھ میں دس ووٹوں کی برتری سے بلدیاتی انتخابات جیت کر چیئرمین منتخب ہوا ہوں لیکن ایک صوبائی وزیراور ساہیوال کی مقامی قیادت نے ریٹرننگ آفیسر سے سازباز کر کے دوبارہ گنتی کرائی جو کہ غیرقانونی تھی لیکن دوبارہ گنتی میں بھی میرے تین ووٹ زیادہ نکلے لیکن اس کے باوجود ریٹرننگ آفیسر نے میرے جیتنے کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیاجس پر میرے اہل علاقہ اور ن لیگ کے ووٹرو سپورٹرز کو سخت تشویش لاحق ہو گئی ہے۔ مظاہرین نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی ڈسپلن اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کا محاسبہ کریں اور میرے جیتنے کا نوٹیفیکیشن جلد ازجلد جاری کرائیں۔