مسلم لیگ(ن) پولیس اور پٹواریوں کے بغیر نہیں جیت سکتی،صاحبزادہ حامد رضا

مسلم لیگ(ن) پولیس اور پٹواریوں کے بغیر نہیں جیت سکتی،صاحبزادہ حامد رضا

لاہور( نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عالم اسلام جعلی جہاد کی زد میں ہے،قومی خزانے کے چور اقتدار پر مسلط ہیں(ن) لیگ پولیس اور پٹواری کے بغیر کو ئی الیکشن نہیں جیت سکتی، احتساب کاعمل سست روی کا شکار ہو گیا ہے،قوم کرپشن فری پاکستان بنانے کیلئے متحد ہو جائے،قومی دولت لوٹنے والوں کا بے رحم احتساب قوم کی آواز ہے۔انہوں نے کہا(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی آخری مرتبہ حکمرانی کررہی ہیں، عوام حکومتی کارکر دگی سے مطمئن نہیں۔

حکومت جھوٹے دعوے اور منصوبے چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نا قابل فراموش قربانیاں دی ہیں،کراچی میں مکمل امن قائم ہونے تک آپریشن جاری رہنا چاہیے۔پاکستان کو مسائلستان بنا دیا گیا ہے،حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے وسائل سے بھر پور پاکستان مسائل سے چُور چُور ہے،بجلی ، گیس اور ٹیکس کی چوری ختم کرکے ملک کے آدھے مسائل ختم کئے جاسکتے ہیں، الیکشن کمیشن کی کارکر دگی مایوس کن ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1