عوامی تحریک خالصتا سیاسی جماعت کے طور پر متحرک کریں گے ، میجر محمد سعید راجپوت

عوامی تحریک خالصتا سیاسی جماعت کے طور پر متحرک کریں گے ، میجر محمد سعید ...

لاہور (میاں اشفاق انجم،تصاویر: ایوب بشیر) پاکستانی عوامی تحریک کے چیف کوآرڈی نیٹر میجر محمد سعید راجپوت نے پاکستان فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی افراد کو پاکستان عوامی تحریک میں متحرک کیا جائے گا ہر طبقہ فکر اور شعبہ ہائے زندگی کے صاف ستھرے لوگوں کو عوامی تحریک میں شامل کرنا میری پہلی ترجیح ہے۔ کسی حد تک یہ بات درست ہے منہاج القرآن ا ور پاکستان عوامی تحریک اکٹھے چلتے رہے ہیں۔ لیکن اب ڈاکٹر طاہر القادری کی ہدایت پر یہ حکمتِ عملی بنائی گئی ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کو خالصتاً سیاسی جماعت کے طور پر منظم اور متحرک کیا جائے گا۔ منہاج القرآن کی بہت زیادہ مذہبی اور سماجی خدمات ہیں لیکن پاکستان عوامی تحریک کومنہاج القرآن سے الگ نمایاں سیاسی شناخت دینا ہمارا آئندہ لائحہ عمل ہے اور اس سلسلے میں یوسی کی سطح عوامی تحریک کو آرگنائز کیا جا رہا ہے اور پنجاب میں تنظیم سازی کا کام کافی حد تک مکمل ہو چکا ہے۔ میجر محمد سعید راجپوت نے کہا کہ ماضی میں پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار نہیں رہا۔ اگرچہ ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام منہاج القرآن کی سطح تک بڑا موثر رہا ہے اور پاکستان و بیرون پاکستان بے شمار افراد ڈاکٹر طاہر القادری کی آواز پر بلیک کہنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں لیکن اس امر کا اعتراف بھی ضروری ہے کہ پاکستان عوامی تحریک انتخابی سیاست میں قابل ذکر پذیرائی حاصل نہیں کر سکی۔ اس کی وجہ یہ ہے ہم سیاسی بنیادوں پر کام ہی نہیں کر سکے اب یوتھ ونگ، وومن ونگ ، لیگل ونگ اور سٹوڈنٹ ونگ کو بھی پاکستان عوامی تحریک میں فعال کیا گیا ہے۔ کاروباری، تجارتی افراد کے علاوہ کسانوں کاشتکاروں کی سیاسی آواز کو موثر بنانے کے لئے پاکستان عوامی تحریک میں بزنس ونگ اور کسان ونگ بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر میجر محمد سعید راجپوت نے کہا کہ موجودہ نظام عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1