حکمران معیشت کی بہتری کیلئے زراعت پر توجہ دیں،میاں مقصود

حکمران معیشت کی بہتری کیلئے زراعت پر توجہ دیں،میاں مقصود

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملکی معیشت کوبہتربنانے کے لئے حکومت کوزراعت کے شعبے پر زیادہ توجہ دینی چاہئے،زراعت پھلے پھولے گی توملک زرعی طور پر خودکفیل ہوگا اور ترقی کی منزل قریب آئے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت بے روزگاری کے خاتمے کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ نئے مواقع پیداکرے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زریوروبانڈ سے ملنے والی رقم،سرکاری واجبات کی وصولی اور کولیشن سپورٹ فنڈسے ملنے والی تمام رقم کے مصرف کوبھی واضح ہوناچاہئے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے قرضے دن بدن بڑھتے جارہے ہیں،کشکول توڑنے کی نوید سنانے والے قرضوں پرملکی معیشت کوچلارہے ہیں۔

،معیشت کوسیاست سے بالاتررکھتے ہوئے قومی ایجنڈے کی حیثیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ ادھورے منصوبوں کی بھی تکمیل ہوسکے۔آئی ایم ایف کے کہنے پرچالیس ارب روپے کے بھاری ٹیکسوں کابوجھ عوام پرڈالنامناسب نہیں جب تک بدعنوانوں کوقرارواقعی سزانہیں دی جاتی ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ میڈیاکی رپورٹ کے مطابق بڑے سرمایہ دارو ،سیاستدانوں،جاگیرداروں اور بزنس مینوں نے18ہزار ارب روپے کی کثیر رقم بیرون ملک اکاؤنٹس میں جمع کروارکھی ہے،حکومت کرپشن کے خاتمے کاوعدہ پورا کرے کیونکہ صرف سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کا200ارب ڈالر کاکالادھن پڑا ہے۔حکمران قومی اداروں کواونے پونے بیچنے کی بجائے یہ رقم واپس لے آئیں توحالات بدل سکتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4