ہسپتالوں کے ہاؤس جاب ڈاکٹروں کو تنخواہ دی جائے،ناصر اقبال
لاہور (پ ر) ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدرمحمدناصراقبال خان نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مسلسل دن رات ڈیوٹی کرنیوالے ہاؤس جاب ڈاکٹرزکوتنخواہ دی جائے،حکومت انہیں ان کے بقایاجات کی ادائیگی بھی یقینی بنائے ،ہاؤس جاب ڈاکٹرزکو مسلسل کئی برسوں تک تنخواہوں سے محروم رکھنا ان کے بنیادی حقوق پرحملے کے مترادف ہے۔ڈاکٹرز کی اپنے چارٹرآف ڈیمانڈ کے حق میں ہڑتال سے حکمرانوں کاتوکچھ نہیں جاتا لیکن بیچارے عام لوگ بری طرح متاثرہوتے ہیں۔ سب ڈاکٹرزبالخصوص لیڈیزڈاکٹرز کوان کاحق کسی امتیاز کے بغیرملناچاہئے۔انہوں نے کہاڈاکٹرز کو چھ یا آٹھ گھنٹوں سے زیادہ ڈیوٹی پرمجبورنہ کیا جائے کیو نکہ ان کا فرض کی بجاآوری کے دوران تازہ دم اورخوش اخلاق ہوناضروری ہے۔
پاکستان کاحکمران طبقہ خودتو قومی وسائل کوشیرمادرسمجھتا ہے مگر جو محنت اورقابلیت کے بل پرآگے آتے ہیں ہماراریاستی نظام ان کاحوصلہ توڑنے اورانہیں متنفرکرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑتا وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں مراعات صرف حکمرانوں اوران کے حواریوں کیلئے کیوں مخصوص ہیں،ہمارے تعلیمی اداروں سے پاس ہونیوالے زیادہ تر ڈاکٹرزاورانجینئرز کا بہترمستقبل کیلئے بیرون ملک چلے جاناایک سوالیہ نشان ہے کیونکہ انہیں اپنے ملک میں وہ قدرنہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈاکٹرز کی قلت اوربیرون ملک خدمات کارجحان ختم کرنے کیلئے انہیں اپنے وطن میں بھرپور عزت اوراہمیت دی جائے ۔ لاہورجنرل ہسپتال سمیت سرکاری ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ مختلف مشینوں کابھی فقدان ہے ۔