گلوبل وارمنگ کے سنگین مسئلے پر قابو پانے کیلئے درخت لگاناہونگے ، عمران خان

گلوبل وارمنگ کے سنگین مسئلے پر قابو پانے کیلئے درخت لگاناہونگے ، عمران خان

 ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے صوبے میں ایک ارب درخت لگانے کی منصوبہ بندی کو عالمی برادری میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے‘ اب تک 10کروڑ درخت لگا چکے ہیں 2018تک ایک ارب درخت لگائے جائیں گے‘ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا بڑا منصوبہ عمل میں لایا گیا ہے‘ گلوبل وارمنگ کے سنگین مسئلے پر قابو پانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے‘ پاکستان بننے سے اب تک ساٹھ کروڑ درخت لگائے گئے یہ پہلا موقع ہے کہ صوبائی حکومت ایک ارب بیس کروڑ درخت لگا رہی ہے۔ وہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مختلف اقسام کے درخت لگانے کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر10 حساس ترین ممالک میں شامل ہے،ملک میں درجہ حرار ت میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوا ہے اور بارش میں کمی ہوئی ہے جبکہ گرمی سے گلیشیئر پگھل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں جنگل اگنے سے مقامی کسانوں کو تو فائدہ ہوگا ہی ساتھ ساتھ عالمی برادری سے حوالے سے فنڈز بھی ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے باعث ہمیں51پوائنٹس ملیں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایک ارب درخت لگایا جاناملکی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے ،اس میں مزید وسعت لائیں گے۔انہوں نے اپیل کی کہ جو لوگ پنی زمینوں میں درخت کاشت کروانا چاہتے ہیں وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا سے نبردآزما ہونے کیلئے ایک نئی فورس کی تشکیل کی جائے گی اور صوبائی محکمہ جنگلات کی جتنی بھی زمین پر قبضے کیئے گئے ہیں وہ ساری واگزار کرا کے ان پر جنگل اگائے جائیں گے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...