نومنتخب نمائندے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں ، نواز شریف ، حکومت ترقی کیلئے متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے ؛ شہباز شریف

نومنتخب نمائندے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں ، نواز شریف ، حکومت ترقی ...

 لاہور(آن لائن، آ ئی این پی ، اے این این )وزیر اعظم نواز شریف نے بلدیاتی الیکشن میں نو منتخب نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے حلقوں میں مسائل کے حل کیلئے عوام سے کئے گئے وعدوں پر ہر صورت عمل کریں ، حکومت عوا م کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کام کررہے ہیں ،وسائل قوم کی امانت ہیں ،ایک ایک پائی عوام کی ترقی اور خوشحالی پر خرچ کریں گے،زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے بغیر وقت ضائع کئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا ہے اور تمام امدادی کاموں کا خود جائزہ لے رہا ہوں،گریٹر اقبال پارک تاریخ ساز منصوبہ ہے ،منصوبے کو جلد تکمیل اور تعمیرات میں تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔پیر کے روزماڈل ٹاؤن میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہواجس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی شریک ہوئے،اجلاس میں پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں ،کسان پیکج پر عملدرآمد سمیت دیگر امور پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر اقبال پارک ایک تاریخی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے تعمیرات میں تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت فلاح وعامہ کیلئے دن رات کام کررہی ہے ،وسائل قوم کی امانت ہیں ،ایک ایک پائی عوام کی ترقی اور خوشحال پر خرچ کررہے ہیں،عوام کوبنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں،عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کے لئے پنجاب سمیت پاکستان بھر میں پروگرام پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے ،میگا پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں،عوامی مسائل کے حل کیلئے منتخب نمائندے اپنے حلقوں پر خصوصی توجہ دیں ،تعلیم ،صحت ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،پینے کے صاف پانی کے منصوبے کو تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی وسائل امانت ،دیانت اور شفافیت کے ساتھ عوام پر صرف کررہی ہے،تاریخ ساز کسان پیکج کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کررہا ہے ،زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے بغیر وقت ضائع کئے کام کیا گیا ہے ،میں ذاتی طور پر زلزلہ زدگان کی امداد کے کاموں کا جائزہ لے رہا ہوں ،گریٹر اقبال پارک کا منصوبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے منصوبے پر عملدرآمد کرتے ہوئے تعمیرات میں تاریخی اہمیت کو اجاگر کیاجائے ،اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے،بلدیاتی نتائج نے 2013 کے عام انتخابات کے نتائج پر مہر تصدیق ثبت کی ہے ،وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا،عوامی مسائل کے حل کے لئے پہلے سے زیادہ عزم اور محنت سے کام کیا جائیگا ،پنجاب حکومت شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے متوازن پالیسی پر عمل پیرا ہے،عوام نے مسلم لیگ (ن) پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر ہر صورت پورا اتریں گے،اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل ،سیکرٹری بلدیات،سیکرٹری تعمیر ومواصلات ،سیکرٹری ہاؤسنگ ،کمشنر لاہور ڈویژن ،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر وزارتوں کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے

قبل ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کی رہائشگاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں لاہور میں بے مثال کامیابی ملی جبکہ مجموعی طور پر بھی عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔اس سے ہماری ذمہ داری او ربھی بڑھ گئی ہے اور ہمیں اب مزید محنت کرنا ہو گی ۔ یقین دلاتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کرتی رہے گی ۔انہوں نے این اے 122کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے کہا کہ اس کامیابی پرمسلم لیگ (ن) کے تمام رہنماؤں کو کریڈٹ جاتا ہے لیکن حمزہ شہباز شریف نے خصوصی محنت کی ۔ انہوں نے عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ انتخابات میں ہارتے ہیں اور پھر دھاندلی کا الزام لگا دیتے ہیں میں تو بس یہی دعا کروںں گا کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے ۔

مزید : صفحہ اول