بنگلہ دیش میں بے گناہوں کا خون امت مسلمہ کیلئے قابل تشویش ہے ، سراج الحق

بنگلہ دیش میں بے گناہوں کا خون امت مسلمہ کیلئے قابل تشویش ہے ، سراج الحق

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں بے گناہوں کا خون پوری امت مسلمہ کیلئے صدمے کا باعث ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ عبد المحسن الترکی اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی یلغار کے خلاف وطن کا دفاع کرنے والوں پر 14سال بعد جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے پھانسیاں دیتے چلے جاناپورے عالم اسلام کے لیے تازیانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ تین ملکی معاہدے کی دھجیاں اڑانے پر اب بھی اسے عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹاناچاہیے ۔ استقبالیہ ملاقات میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک المنصوری، بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی کے صدر ڈاکٹر یوسف الدرویش ، مسلم لیگ ن کے رہنما جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم ، رفاہ یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمداور مسلم لیگ ق کے رہنما مشاہد حسین سید سمیت کئی سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سعودی عرب تمام مسلمانوں کے لیے یکساں قابل احترام ہے اس لیے ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کرامت کی قیادت کرے اور اسے متحد کرنے کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہر مسلمان سرزمین حرمین سے والہانہ محبت رکھتا ہے اور اس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے خلاف اپنے برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبد اللہ عبد المحسن الترکی نے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی موجودہ حکومت امت کی وحدت اور اس کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اتحاد امت اور مسلمانوں کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے ہم آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے ۔

مزید : صفحہ اول