عوامی تحریک نے این اے 154 لودھراں میں انتخابی مہم تیز کر دی

عوامی تحریک نے این اے 154 لودھراں میں انتخابی مہم تیز کر دی

لاہور( نمائندہ خصوصی)عوامی تحریک نے این اے 154 لودھراں میں انتخابی مہم تیز کر دی ہے اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل و ٹکٹ ہولڈر خواجہ عامر فرید کوریجہ نے فوج کی نگرانی میں ضمنی الیکشن کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے تمام سینئر عہدیداروں، ونگز کے صدور اور جنوبی پنجاب کی تنظیموں کو خواجہ عامر فرید کوریجہ کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لینے اور الیکشن تک حلقے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ عوامی تحریک کے ٹکٹ ہولڈر خواجہ عامر فرید کوریجہ نے گزشتہ روز حلقہ کے مختلف 5مقامات پر انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک اقتدار کیلئے نہیں اقدار اور عوام کے وقار کیلئے سیاسی جدوجہد کررہی ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہانے والے حکمران ملک و قوم سے مخلص نہیں ۔عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی تحریک ظلم اور لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کے خلاف لڑرہی ہے۔ عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس کے کارکنوں نے ظالمانہ نظام کے خلاف لڑتے ہوئے جانیں دیں اور ریاستی جبرو تشدد ان کے حوصلوں کو توڑ نہیں سکا۔ جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے انتخابی میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ عامر فرید کوریجہ اسی خطہ اور دھرتی کا بیٹا ہے۔ جس کے دل میں خطہ کے عوام اور پاکستان کا درد ہے،عوام ظلم کے خلاف لڑنے والے اور ظلم کو تقویت دینے والوں کے درمیان فرق کریں۔

عوامی تحریک

مزید : صفحہ آخر