دہشت گردی کا ملک کے کونے کونے سے خاتمہ کریں گے،نواز شریف
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، پاکستان میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کی کوئی گنجائش نہیں، دہشت گردی کا ملک کے کونے کونے سے خاتمہ کریں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے جوانوں نے مثالیں قائم کیں۔ وہ پیر کو پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، پاک فضائیہ نے پیشہ وارانہ معیار کی اعلیٰ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، دہشت گردی کا ملک کے کونے کونے سے خاتمہ کریں گے، پاکستان میں انتہا پسندی اور عدم برداشت کی کوئی گنجائش نہیں، پاک فضائیہ کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادری کی مثالیں قائم کیں۔