ممتاز شاعر ،نامور نقاد اور کالم نگار جمیل الدین عالی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے

ممتاز شاعر ،نامور نقاد اور کالم نگار جمیل الدین عالی حرکت قلب بند ہونے سے ...

کراچی(آئی این پی)اردو کے ممتازشاعر،نامورنقاداور کالم نگار جمیل الدین عالی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے،ان کی عمر89 سال تھی۔وہ گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے، ان کی نمازجنازہ آج( منگل کو)ڈ یفنس میں بعد از نمازعصر ادا کی جائے گی۔ صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزر شید، وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفا ن صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے ان کے انتقا ل کو علمی وادبی دنیا میں بڑا خلاء قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیاہے ۔ جمیل الدین عالی کا شمار اردو ادب کے نامور نقادوں اورشاعروں میں ہوتاتھا۔وہ کئی ملی نغموں کے خالق تھے اور نامور گلوکار انکے نغمے گایا کرتے تھے،ان کی علمی وادبی خدمات کے علاوہ ’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ سمیت کئی ملی نغموں نے اْنہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا جبکہ 1999 میں اْنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازاگیا۔جمیل الدین عالی مرحوم بیس جنوری 1926کو دہلی میں پیداہوئے، اْنہوں نے 1948 میں عملی زندگی کا سفر شروع کیا اور وزارت تجارت میں بطور اسسٹنٹ تعینات ہوئے۔1951 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور 1963 میں وزارت تعلیم میں کاپی رائٹ رجسٹرار تعینات ہوئے، پھر1967میں نیشنل بینک آف پاکستان سے وابستہ ہوگئے اوراعلیٰ عہدے پر پہنچ کر ریٹائرہوئے۔مرحوم نے شعروادب کی ہرصنف میں طبع آزمائی کی اورنمایاں مقام حاصل کیا،خاص طورپرانہوں نے گیت اوردوہے تخلیق کرکے بڑی مقبولیت حاصل کی۔’’دنیا مرے آگے‘‘کے عنوان سے شائع ہونے والے ان کے کالم بھی بہت پسند کئے جاتے تھے۔ شعری مجموعوں کے علاوہ ان کے مضامین اورسفرناموں پرمشتمل کئی کتابیں شائع ہوئیں۔انہوں نے ادیبوں کے حقوق کے لئے قدرت اللہ شہاب کے تعاون سے پاکستان رائٹرز گلڈقائم کی۔ مرحوم نے اپنے پسماندگان میں پانچ بچے اور سینکڑوں عقیدت مندسوگوار چھوڑے ہیں۔صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے جمیل الدین عالی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔صدر مملکت نے کہاکہ جمیل الدین عالی نے اردو کے لئے گراں قدرخدمات انجام دیں،ان کے انتقال سے بہت بڑا خلا ء پید اہواہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ جمیل الدین عالی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔ ۔وزیراعلی پنجاب شہبازشریف ،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی اور دیگر نے جمیل الدین عالی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔عرفان صدیقی نے کہا کہ جمیل الدین عالی ہماری علمی اور ادبی تاریخ کا سرمایہ تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزر شید نے کہاکہ عالی کے انتقال سے علمی وادبی دنیا میں بڑا خلاء پیدا ہوگیا ہے ۔سندھ کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور ادیبوں نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ جمیل الدین عالی کے صاحبزادے نے بتایا کہ گزشتہ دودن سے وہ ڈھلنا شروع ہوگئے تھے جبکہ صبح کے وقت وہیں پر قرآن پاک کی تلاوت کرتے رہے۔ اْن کی نمازجنازہ آج بروز منگل ڈیفینس میں بعد از نمازعصر ادا کی جائے گی ۔

جمیل الدین عالی

مزید : کراچی صفحہ اول