وزیر مملکت کیڈ ڈویژن طارق فضل چوہدری آج اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈویژن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری (آج) منگل کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ کیڈ کے سابق وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پوسٹل سروسز میں سے کسی ایک کا وزیر مملکت بنایا جائے گا، جس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیر کو ایوان صدر میں ایک تقریب میں وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا، اہم مصروفیات کے باعث وہ پیر کو وزارت کیڈڈویژن نہیں جا سکے، آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ منگل کو وہ وزارت کا چارج سنبھالیں گے، بریفنگ دینے کے بعد وزارت کے امور شفاف طریقے سے چلانے اور میرٹ و عوامی فلاح اور بہبود کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے حلف اٹھانے کے بعد بری امام کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، انہوں نے اس موقع پر ملک و قومی سالمیت اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی، اس موقع پر ملک ابرار،انجم عقیل خان اور پارٹی کے دیگر اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے۔دریں اثناء وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یا پوسٹل سروسز میں سے کسی ایک محکمے کا چارج دیا جائے گا، جس کا نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں متوقع ہے